کینٹ کے نالوں کی صفائی مکمل نہ ہونے پر متعلقہ حکام کی سرزنش

کینٹ کے نالوں کی صفائی مکمل نہ ہونے پر متعلقہ حکام کی سرزنش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (جنرل رپورٹر) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی ایگزیکٹوآفیسر ڈاکٹر صائمہ شاہ نے کینٹ کے نالوں کی صفائی کا کام مکمل نہ ہونے پر متعلقہ حکام کی سرزنش کی ہے اور نالوں کی بروقت صفائی اور نالوں سے تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر صائمہ شاہ نے گذشتہ روز کی شدید بارش کے بعد جمعرات کو راولپنڈی کینٹ کے مختلف نالوں کی صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے از خود دورہ کیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ ،انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ اور سینی ٹیشن ڈیپارٹمنٹ کے حکام بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر صائمہ شاہ نے اسلم مارکیٹ کے قریب خیابان میراں بخش کے برساتی نالے کی صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ناقص صفائی پر حکام کی سرزنش کی ۔سی ای او کینٹ نے نالے پر قائم تجاوزات کی بابت دریافت کیا تو انہیں بتایا گیا کہ مذکورہ نالے پر قائم مکان کا آدھا حصہ گذشتہ برس مسمار کر دیا گیا تھا جبکہ باقی ماندہ مالک مکان نے ازخود گرانے کی حامی بھری تھی ۔ڈاکٹر صائمہ شاہ نے نالے پر قائم مکان کے باقی حصے کو بھی فوری طور پر مسمار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔دوسری جانب نالے پر متجاوز مکان کے مالک کاکہنا ہے کہ کینٹ بورڈ حکام نے اس سے وعدہ کیا ہے کہ مکان کا باقی حصہ منہدم نہیں کیا جائے گا ۔اس ضمن میں نائب صدر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ راجہ جہانداد سے دریافت کیا گیا تو انہوں نے بتایاکہ مذکورہ مالک مکان کو ادائیگی بھی کی جا چکی ہے اور اس نے مکان از خود گرانے کی حامی بھری تھی ۔راجہ جہانداد نے کہا کہ نالے پر تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں اور ایسی تمام تجاوزات کو بلاامتیاز ختم کیا جائے گا ۔کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر صائمہ شاہ نے تمام متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ موسم برسات کی آمد سے قبل نالوں کی صفائی کا کام مکمل کیا جائے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ شہری نالوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور نالوں پر تجاوزات سے باز رہیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔