صوبائی دارالحکومت کے متوقع مئیر کی یوسی بنیادی سہولتوں سے محروم
لاہور(خبر نگار خصوصی)صوبائی دارلحکومت کے متوقع مئیر کی یونین کونسل میں پانی غائب،سٹریٹ لائٹس خراب اور قبرستان میں گندگی کے ڈھیر ۔یونین کونسل 107،غازی پارک ملت چوک مسائلستان بن گیا جہاں نہ پینے کا صاف پانی ہے نہ سٹریٹ لائٹس جس وجہ سے سٹریٹ کرائم میں بھی اضافہ ہو گیا ہے دوسری طرف قبرستان کے اندر اور باہر گندگی کے ڈھیر ہیں جس وجہ سے علاقہ مکینوں کا جینا اجیرن بن گیا ہے۔ملت چوک غازی پارک کا علاقہ خواجہ احمد حسان کی یونین کونسل 107،ایم این اے شفقت محمود اور ایم پی اے محمود الرشید کے حلقے میں آتا ہے۔اس علاقے میں پینے کا صاف پانی مہیا نہیں ہے جس وجہ سے رمضان المبار ک کے مہینے میں علاقہ مکین با برکت مہینے کی رحمتوں سے محروم ہو گئے ہیں۔علاقہ مکینوں کا دعوی ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں خواجہ احمد حسان کو کامیاب کرایا اس کے باوجود ہمیں بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔یہ بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ ممبر قومی و صوبائی اسمبلی اپوزیشن کے ہونے کی وجہ سے سزا دی جا رہی ہے جہاں پانی ہے نہ سٹریٹ لائٹس ،گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی معمول بن چکا ہے جبکہ شاہ مشائخ قبرستان کے اندر اور باہر گندگی کے ڈھیر ہیں جس وجہ سے آس پاس کے رہائشی متعدی بیماریوں میں مبتلا ہے۔علاقہ مکینوں نے خواجہ احمد حسان سے اپیل کی ہے کہ ہمیں ووٹ دینے کی سزا نہ دی جائے اور غازی پارک میں پینے کے پانی،سٹریٹ لائٹس اور قبرستان کی صفائی یقینی بنائی جائے۔
سہولتوں سے محروم