پالیسی کے برعکس ملتان شہر میں بجلی کے 20ہزار ڈبل سورس کنکشن، عملہ کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں

پالیسی کے برعکس ملتان شہر میں بجلی کے 20ہزار ڈبل سورس کنکشن، عملہ کی زندگیاں ...

ملتان( رپورٹ :اعجاز مرتضیٰ)ملتان میں غیرقانونی 20ہزار ڈبل سورس کنکشن لگ گئے ‘لائن سٹاف کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں ‘بااثر شخصیات کے دباؤ پر حکام کارروائی سے گریزاں ہیں ‘ تفصیل کے مطابق جہاں جہاں 2فیڈر ایک دوسرے کے قریب ملتے ہیں تووہاں کے گھریلواور کمرشل صارفین ایک دوسرے کے فیڈ ر سے بھی کنکشن لے لیتے ہیں اور ایک اور میٹر لگوا لیتے ہیں ‘اس طر ح اگر لوڈشیڈنگ کے شیڈول کے تحت اگر ایک فیڈر بند ہوتا ہے تو دوسرا فیڈر چالو ہوتا (بقیہ نمبر33صفحہ7پر )

ہے ‘صارفین نے گھروں میں چینجر لگوا رکھے ہیں‘ ‘اس طر ح ان کے گھروں ‘دکانوں یا کارخانوں میں 2‘2فیڈرز کے کنکشن ہونے کے باعث بجلی موجود رہتی ہے‘اس سے صارفین تو اپنا فائدہ حاصل کرلیتے ہیں مگر میپکو اور دیگر صارفین کا بڑا نقصان ہوتا ہے ‘لائن مین اور اسسٹنٹ لائن مین جب کھمبے پر چڑھتے ہیں ‘ٹرانسفارمر سمیت لائن پر کام کرتے ہیں تو وہ متعلقہ فیڈر سے بجلی بند کرا کر مطمئن ہو کر کام شروع کرتے ہیں‘متعلقہ فیڈر کی بجلی تو بند ہوتی ہے مگر صارفین نے دوسرے فیڈر سے کنکشن لیا ہوتا ہے‘اس طرح دوسرے فیڈر سے تاروں کے ذریعے کرنٹ وہاں بھی پہنچ جاتا ہے ‘اس طرح لائن سٹاف جونہی تار کو کاٹتا ہے یا کچھ اور کرتا ہے تو شدید کرنٹ لگنے کے باعث موت ہو جاتی ہے‘ ملتان سمیت میپکو ریجن میں اب تک درجنوں لائن مین اور اسسٹنٹ لائن مین کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں ‘ ‘دوسری طرف فیڈراور ٹرانسفارمر بھی اوور لوڈ ہونے کے باعث مسائل کا سامنا ہے کیونکہ ایک فیڈر بند ہونے پر ڈبل سورس کنکشنز کے تحت اس فیڈر کے صارفین کا دوسرے فیڈر پر لوڈ ہوتا ہے جس سے ٹرپنگ کی شکایات سامنے آتی ہیں‘ اس کے علاوہ ٹرانسفارمر بھی اوور لوڈ ہوتے ہیں کیونکہ ایک فیڈر بند ہونے پرڈبل سورس والے صارفین اپنا لوڈ دوسرے فیڈر کے ٹرانسفارمر پر ڈال دیتے ہیں جس کے باعث ٹرانسفار مر جلنے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں‘ملتان میں حسن پروانہ ‘ گلگشت ‘سٹی سب ڈویژن خاص طور پر ڈبل سور س کنکشنز کے گڑھ ہیں ‘سٹی سب ڈویژن کے علاقے میں محلہ سلامت رائے اور دیگر علاقوں میں لاتعداد ڈبل سورس کنکشنز دیکھے جا سکتے ہیں ‘بتایا گیا ہے کہ ڈبل سورس کنکشنز لگوانے میں میپکو اہلکار خود ملوث ہیں ‘افسران کے نوٹس لینے پر کچھ دنوں کے لئے ڈبل سورس کنکشنز اتار دیتے ہیں اور پھر دوبارہ لگا دیتے ہیں ‘ شہریوں نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈبل سورس کنکشنز والے صارفین کیخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر