پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کے بارے ٹیم منیجمنٹ کو خاص ہدایات جاری کر دیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کے بارے ٹیم منیجمنٹ کو خاص ہدایات جاری کر دیں
پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کے بارے ٹیم منیجمنٹ کو خاص ہدایات جاری کر دیں

  


لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کے بارے میں ٹیم منیجمنٹ کو خاص ہدایات جاری کی ہیں جن کا مقصد چھ سال پہلے جیسی صورت حال سے بچنا ہے۔

یاد رہے کہ سنہ 2010 ء میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ میں محمد عامر اپنے کپتان سلمان بٹ اور ساتھی فاسٹ بولر محمد آصف کے ساتھ سپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے جس کے نتیجے میں ان تینوں کرکٹرز کو آئی سی سی کی جانب سے پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا ،جبکہ لندن کی عدالت نے بھی تینوں کو قید کی سزا سنائی تھی۔ ان تینوں کرکٹرز پر آئی سی سی کی جانب سے عائد کردہ پابندی ختم ہو چکی ہے جب کہ محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہو چکی ہے اور وہ اب تک پاکستانی ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور بھارت کے دورے کر چکے ہیں۔انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے کہا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے گذشتہ دورے کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس بار ڈسپلن کے معاملے میں سخت ہدایات دے رکھی ہیں۔ اس بار مینجمنٹ کو زیادہ چوکس رہنا ہوگا۔‘انتخاب عالم نے کہا ’محمد عامر کے بارے میں واضح ہدایات موجود ہیں۔ انھیں اس دورے میں انکساری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انھیں بتا دیا گیا ہے کہ انگلینڈ کے دورے میں انھیں مشتعل کیا جاسکتا ہے لہذا انھیں خود ردعمل ظاہر نہیں کرنا بلکہ ٹیم مینجمنٹ کو اس بارے میں اطلاع دینی ہے۔‘انھوں نے کہا کہ محمد عامر پر یہ بات بھی واضح کر دی گئی ہے کہ اگر کوئی بھی شخص ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کرتا ہے تو وہ اس کی اطلاع منیجمنٹ کو دیں۔پاکستانی ٹیم کے منیجر نے یہ بھی بتایا کہ محمد عامر کو دورے میں بار بار میڈیا کے سامنے نہیں لایا جائے گا۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندے ایک بار ان سے بات کر لیں جس کے بعد فرداً فراً کسی کو بھی محمد عامر کا انٹرویو کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

مزید : کھیل