جوڑ میلہ گورودوارہ ڈیرہ صاحب تقریب میں سینکڑوں سکھوں کی شرکت
لاہور(فلم رپورٹر)سکھ مذہب کے پانچویں گورو،گورو ارجن دیو جی کے دن (جوڑ میلہ)کی مرکزی تقریب، سکھ مذہب کے سینکڑوں افراد کی شرکت پاکستان زندہ باد، بھارت سرکار مردہ باد کے نعرے،پاکستان کے سکھ قوم کے لئے اقدامات کی تعریف،بھارت کی جانب سے سکھوں کے ساتھ رویہ کی شدید مذمت،سکھ رہنماؤں کا خطاب۔تفصیلات کے مطابق سکھ مذہب کے پانچو یں گورو،گورو ارجن دیو جی کے دن کی مرکزی تقریب گورو دوارہ ڈیرہ صاحب میں منعقد ہوئی،جس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور اعجاز عالم نے کہا کہ بھارت کا سکھ یاتریوں کو روکنا شرم نا ک رویہ ہے اور وہ مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے جس سے اسکا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہو رہا ہے۔جبکہ ہمارے وزیر اعظم عمران خان مسلسل امن اور بھائی چارے کا پیغام دے رہے ہیں،تاکہ خطہ میں خوشحالی آئے۔اور یہاں کے بسنے والے افراد سکھ اور چین کی زندگی بسر کر سکیں۔چیئرمین متروکہ وقف املا ک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد نے کہاکہ ہم آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔بابا گورو نانک نے سکھ مسلم دوستی کے رشتے کی جو بنیاد رکھی تھی ہم اسے مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے کام کریں گے۔ اقلیتوں کی خدمت کرنا ہمارا دینی اور آئینی فریضہ ہے۔ہم حکومت پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان کے احکاما ت کی روشنی میں دن رات اقلیتوں کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔سکھوں کی مذہبی مقامات کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے اور ان کی تزئین وآرائش اور خوبصورتی میں اضافہ کے اقدمات جاری ہیں۔میزبانی سنت رسول ؐ ہے جسے بخوبی نبھانے کے لیے کسی قسم کی کوئی کمی یا کوتاہی نہ ہو گی،پاکستان سکھ گورو دواہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ نے کہاکہ حکومت پاکستان سکھ قوم کے لئے بہترین فلاحی اقدامات کر رہی ہے جس پر ہم ان کے بے حد شکر گزا ہیں۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری سردار مہندر پال سنگھ نے کہا کہ پاکستان اقلیتو ں کے لیے کسی جنت سے کم نہیں بابا گورو نانک کے نام سے منسوب یونیورسٹی جلد پایاء تکمیل تک پہنچے گی کرتار پور راہداری کے اقدام کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔سردار گوپال سنگھ چاولہ نے کہا کہ بھارتی حکومت کے سکھ قوم کے ساتھ رویہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔تقریب سے سردار رامیش سنگھ اروڑا،سردا ر بشن سنگھ،جسویر سنگھ،ہر بھجن سنگھ،ہر میت سنگھ،راگی سنگھ جتھہ سمیت دیگر سکھ رہنماؤں نے خطاب کیا جبکہ ہندو رہنماء ڈاکٹر منور چاند،سہیل رضا،سیکرٹری بورڈ طارق وزیر ڈپٹی سیکرٹری عمرا ن گوندل فراز عباس،پی آر او عامر حسین ہاشمی،فضل ربی سمیت دیگر اقلیتی رہنماؤ ں اور بورڈ افسران کی بڑ ی تعدادنے شرکت کی۔آخر میں ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور مہمانوں میں گورو گھر کے خصوصی سروپے اور تحائف تقسیم کئے گئے۔ترجمان بورڈ کے مطابق بھارت واہگہ بارڈر کے راستے پیدل آنے والے راگی سنگھ جتھہ کے ارکان اپنی یاترا مکمل کر کے واپس روانہ ہوں گے۔
جوڑ میلہ