کراچی میں باران رحمت کیلئے نماز استسقاء کی ادائیگی

کراچی میں باران رحمت کیلئے نماز استسقاء کی ادائیگی

کراچی(این این آئی)کراچی میں گرمی کی حالیہ لہر اور بارشیں نہ ہونے کی بنا پر اتوارکی صبح بہادر آباد میں شہید ملت روڈ پر باران رحمت کیلئے نماز استسقا ادا کی گئی جس میں خواتین، بچوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نماز استسقا کیلئے گزشتہ روز سے ہی علاقے میں اعلان کیا گیا تھا اور اتوارکو نماز فجر کے بعد مدرسہ رحمن تعلیم القران سے متصل جامعہ مسجد رحمن میں نمازیوں کو آگاہی دی گئی اور شہید ملت روڈ پر واقع چلڈرن پارک میں نماز استسقا ادا کی گئی۔نماز سے قبل اور بعد میں اللہ کے حضور گرگڑا کر عاجزی سے باراں رحمت کی دعائیں کی گئیں۔جامعہ مسجد رحمن کے پیش امام مفتی محمد یوسف قصوری امام نے بارانِ رحمت کیلئے دعا کرائی۔اس موقع پر مفتی محمد یوسف قصوری نے کہاکہ نماز استسقا حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے آپ باجماعت نماز استسقا ادا کرتے تھے اور دعا کے وقت ہتھیلیاں آسمان کے بجائے زمین کی جانب رکھتے بارشوں کا رکنا شامت اعمال کے باعث ہے امید ہے اللہ ہمیں معاف کرکے باراں رحمت برسائے گا۔نماز استسقا میں نوجوانوں بزرگوں اور بچوں کے ساتھ خواتین نے بھی شرکت کی،اس موقع پرشہریوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ یقین ہے اللہ گناہوں خطاوں کو معاف کرکے باراں رحمت سے نوازے گا۔

نماز استسقا ء

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر