ڈالر مزید مہنگا ہوگیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ دیکھا گیا، پیر کو مارکیٹ کے آغاز میں ہی انٹربینک ڈالر کی قیمت میں مزید 65 پیسے اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد بتدریج اضافہ دیکھنے کو ملا اور آخری اطلاعات کے مطابق 1.16 پیسے اضافے کے بعد ڈالر 157 روپے کی سطح پر ٹریڈ ہور ہاہے ۔
اسی طرح پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بھی مندی دیکھی گئی اور 100 انڈکس میں 317 سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی، یوں صفر اعشاریہ نو فیصد گراوٹ ہوئی جس کے بعد 35,255 کی سطح پر ٹریڈنگ ہورہی ہے ۔
یادرہے کہ گزشتہ ہفتے ڈالر 4 اعشاریہ 9 فیصد مہنگا ہو کر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچاتھا، قیمت میں 7 روپے 25 پیسے اضافہ ہوا۔سات دنوں میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ رواں ہفتے انٹر بینک میں ڈالر 7 روپے 25 پیسے مہنگا ہو کر 155 روپے 85 پیسے پر بند ہوا۔ اضافے سے قرضوں کے بوجھ میں 725 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا۔اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 9 روپے 50 پیسے مہنگا ہو کر 157 روپے 50 پیسے پر بند ہوا۔ قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوگئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس وقت بڑی مشکل سے گزارا کر رہے ہیں۔ادھر سونے کی قیمت بھی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ رواں ہفتے سونے کی فی تولہ قیمت 4 ہزار 200 روپے اضافے کے بعد 75 ہزار 900 روپے پر پہنچ گئی۔