الیکشن کمیشن نے مریم نوازکے پارٹی عہدے کیخلاف درخواست پر جواب طلب کرلیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پارٹی عہدے کیخلاف تحریک انصاف کے رہنماؤں کی درخواست پر مریم نواز اور ن لیگ سے جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار رضا حیات کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے مریم نواز کو ن لیگ کی پارٹی نائب صدارت سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت کی۔ ن لیگ کی جانب سے جہانگیر جدون، مریم نواز کے وکیل بیرسڑ ظفر اللہ جبکہ تحریک انصاف کی طرف سے وکیل حسن مان پیش ہوئے۔
دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ ن لیگ اورمریم نوازکاجواب کہاں ہے؟ ن لیگ کے وکیل جہانگیر جدون نے کہا کہ انھیں ابھی تک پٹیشن کی کاپی نہیں دی گئی، کاپی ملنے کے بعد ہی جواب جمع کرائیں گے،ن لیگ کے وکیل نے مریم نواز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن اور تحریک انصاف کے وکیل کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کی کاپی فراہم کرنے کی بھی استدعا کی۔ اس پر تحریک انصاف کے وکیل نے اعتراض کیا اور کہا کہ مریم نواز کی تقرری ن لیگ نے خود کی اور اب کاپی ہم سے مانگ رہے ہیں۔ ن لیگ کے وکیل نے کہا کہ جس نے بھی تقرری چیلنج کی ہے اس کے پاس اس کا نوٹیفکیشن بھی ہونا چاہئے۔الیکشن کمیشن نے ن لیگ اور مریم نواز کے وکلاءکو پٹیشن کی کاپی اور ریکارڈ فراہم کرتے ہوئے 25 جون تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔