چھوٹے بھائی بنگلہ دیش نے بڑے بھائی پاکستان کا بدلہ لے لیا! ویسٹ انڈیز کو ایسی شکست دے دی جیسی انہوں نے پاکستان کو بھی نہ دی تھی
ٹانٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن)ورلڈ کپ کے 23 ویں میچ میں بنگلہ دیش نے پہاڑ جیسے ہدف کو رائی کا دانہ ثابت کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو جیت کیلئے322 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن بنگال ٹائیگرز نے ایسی شاندار کارکردگی دکھائی کہ کالی آندھی کے تمام ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے اننگ کے آغاز سے ہی نہ صرف وکٹیں روک کر رکھیں بلکہ سٹرائیک ریٹ بھی مطلوبہ رن ریٹ سے زیادہ رکھا جس کے باعث میچ مقررہ 50 اوورز سے 51 گیندیں پہلے ہی ختم ہوگیا۔
آئی سی سی رینکنگ چارٹ میں پہلے نمبر پر موجود بنگلہ دیش کی ٹیم کے آل راﺅنڈر شکیب الحسن نے میچ میں آل راﺅنڈ کارکردگی دکھائی ، انہوں نے باﺅلنگ کے دوران ویسٹ انڈیز کے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا اور جب بیٹنگ کی باری آئی تو جارحانہ کھیلتے ہوئے سنچری سکور کردی۔ انہوں نے99 گیندوں پر 16 چوکوں کی مدد سے 124 رنز بنائے اور ناٹ آﺅٹ رہے۔بنگلہ دیش کے لٹن داس نے بھی کالی آندھی پر خوب ہاتھ صاف کیا اور94 رنز کی بڑی اننگ کھیلی، انہوں نے ویسٹ انڈیز کو لگاتار تین چھکے لگا کر اس ورلڈ کپ کی پہلی ہیٹ ٹرک کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ علاوہ ازیں اوپنر آنے والے تمیم اقبال نے 48 رنز بنائے لیکن وہ رن آﺅٹ ہوگئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے مابین میچ میں بنگال ٹائیگرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کیریبیئن بلے باز حریف باﺅلرز پر بھوکے شیروں کی طرح ٹوٹ پڑے تھے ۔ ویسٹ انڈین سائڈ نے بھرپور لاٹھی چارج کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائے ہوپ 96 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ۔ کیریبیئن سائڈ کے ایون لیوس نے 70 اور شمرون ہیتمر نے 50 رنز بنائے۔ اپنی ٹیم کی طرف سے اوپننگ کیلئے آنے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز کرس گیل 13 گیندیں کھیل کر بھی کوئی رن سکور نہ کرسکے اور سیف الدین کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان اور محمد سیف الدین کے حصے میں 3،3 وکٹیں آئیں جبکہ شکیب الحسن نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔