موجودہ حکومت ہر لحاظ سے فیل ہوچکی ہے، نااہلی چھپانے کے لئے ہر کسی پر غیر ضروری پابندیاں لگائی جارہی ہیں: پی پی پی یو اے ای

موجودہ حکومت ہر لحاظ سے فیل ہوچکی ہے، نااہلی چھپانے کے لئے ہر کسی پر غیر ...
موجودہ حکومت ہر لحاظ سے فیل ہوچکی ہے، نااہلی چھپانے کے لئے ہر کسی پر غیر ضروری پابندیاں لگائی جارہی ہیں: پی پی پی یو اے ای

  


دبئی (طاہر منیر طاہر) موجودہ حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئی ہے اور مخالف سیاسی جماعتوں کو سیاسی دباﺅ میں لانے کے لئے گرفتاریاں کررہی ہے۔ جب سے پی ٹی آئی کی حکومت برسراقتدار میں آئی ہے تب سے ملک میں افراتفری کا عالم ہے، لوگ مہنگائی اور غربت کے ہاتھوں فاقوں پر مجبور ہوگئے ہیں، ملک میں بے روزگاری اور جرائم میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ امن عامہ کی سورتحال بھی خراب ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی مڈل ایسٹ، پی پی پی امارات اور پیپلزیوتھ آرگنائزیشن کے کارکنوں نے دبئی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔ تقریب پاکستان پیپلزپارٹی گلف ریجن کے جنرل سیکرٹری خالد رانا کے اعزاز میں کی گئی تھی جس کا اہتمام پی پی پی امارات، پی پی پی گلف اور پی وائی او نے مل کر کیا تھا۔ تقریب میں میاں منیر ہانس، سردار جاوید یعقوب، فاروق چیچی، محفوظ چیچی، شفیق صدیقی، ذوالفقار مغل، قیصر آفریدی، سید سجاد حسین شاہ، انیس الرحمن، محمد امین سرگانہ، فضل درانی، شیریں درانی، انوار چوہان، عرفان قمر گوندل، سمیع اللہ خان، علی گوہر شاہانی، فضل درانی، شیریں درانی، انوار چوہان، عرفان قمر گوندل، سمیع اللہ خان، علی گوہر شاہانی، چودھری اخلاق، ملک خادم شاہین، رانا خالد اور ملک محمد اسلم کے علاوہ پی پی پی کے متعدد جیالوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر تقاریر کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ناکام بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لئے حکومت نے سیاسی مخالفین خصوصاً آصف علی زرداری کو گرفتار کیا ہے جو حکومت کی ناکامی، خوف اور نااہلی کا ثبوت ہے۔

مقررین نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران تمام ادارے تنزلی کا شکار ہوئے ہیں ، عوام الناس میں تذبذب اور بے چینی پڑھی ہے اور معیشت کو دھچکا لگا ہے۔ حکومت اپنے بچاﺅ کے لئے تمام اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے لیکن اس طرح ہمارے سیاسی عزائم متزلزل نہیں ہوں گے۔ مقررین نے کہا کہ آصف علی زرداری آج بھی عوام کے مقبول لیڈر ہیں ان کی گرفتاری سے پی پی پی کا ہر جیالا گرفتار ہونے کو تیار ہے۔ گرفتاریوں اور سختیوں سے پیپلزپارٹی مزید مضبوط ہوگی۔

ماضی میں بھی آمروں نے پی پی پی کو دبانے کی کوشش کی لیکن تمام تر سختیوں کے باوجود پی پی پی ایک مضبوط جماعت بن کر ابھری، اب بھی ہم سختیوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں بلکہ حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

مزید : عرب دنیا