آرمی چیف نے موٹاپے کا شکار شہری کی فریاد سن لی، بڑا حکم دے دیا
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے موٹاپے کا شکار شہری کی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے ایئر ایمبولینس فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صادق آباد سے تعلق رکھنے والے موٹاپے کے شکار نورالحسن کی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے ایئر ایمبولینس کی فراہمی کا حکم دیا ہے۔ نورالحسن کو علاج کیلئے لاہور منتقل کیا جانا ہے لیکن اسے عام ایمبولینس میں منتقل نہیں کیا جاسکتا جس کے باعث پاک فوج کے خصوصی ہیلی کاپٹر پر منگل کے روز اسے صادق آباد سے لاہور منتقل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ پہلے موٹاپے کے شکار شہری نورالحسن نے ایک ویڈیو پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جہانگیر ترین سے مدد کی درخواست کی تھی۔ صادق آباد کے رہائشی نورالحسن نے ویڈیو میں بتایا تھا کہ اس کا وزن 320 کلوگرام سے زیادہ ہے اور وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہے، اس کی ایک ویڈیو وائرل ہونے پر ڈاکٹر معاذالحسن نے لاہور سے رابطہ کرکے مفت علاج کی پیشکش کی تھی ۔ نورالحسن کے مطابق اس کیلئے عام ایمبولینس میں سفر کرنا ممکن نہیں اس لیے اس کیلئے ایئر ایمبولینس کا بندوبست کیا جائے تاکہ اسے اوبیسٹی سنٹر لاہور منتقل کیا جاسکے۔