”اسی ٹیم اور سلیکٹر کے ساتھ ہم چیمپنز ٹرافی کیسے جیت گئے ؟“نجم سیٹھی نے ہار کی اصل وجہ بتا دی
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئر مین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بھارت سے شکست کی وجہ کھلاڑی نہیں بلکہ مینجمنٹ ہے ،بورڈ میں بغاوت ہو چکی ہے جس کے باعث ہر کوئی اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس کر رہا ہے ۔
نجی نیوز چینل دنیا نیوز میں پروگر ام ”دنیا کامران خان کے ساتھ “میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہی ٹیم ،سلیکٹرز ،کپتان اور کوچ ہیں جنہوں نے چیمپنز ٹرافی میں کامیابی حاصل کی تھی ،2017میں ٹیسٹ ٹیم نمبر ون تھی ،ٹی ٹوئنٹی نمبر ون ٹیم تھی ،ایک سال میں ایسا کیا ہو گیا کہ ٹیم کی کار کردگی نیچے چلی گئی ۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی ناکامی پر تنقید کرنا آسان ہے لیکن اس کا جواب ملنا چاہیے ،یہ کرکٹ اور کھلاڑیوں کی ناکامی نہیں بلکہ مینجمنٹ کی ناکامی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ میں جس طرح کی لڑائیاں ہو رہی ہیں ،کپتان کے بارے میں بیان بازی ،ہیڈ کوچ غیر محفوظ محسوس کر کے اپنی نوکری بچانے کے لیے کیا کچھ کر رہا ہے ،لوگ غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں جس سے لڑائی جھگڑے شروع جاتے ہیں ۔نجم سیٹھی نے کہا کہ سرفراز الیون کی فٹنس اور ڈسپلن میں کوئی کمی نہیں آئی لیکن کھلاڑیوں کے اندر وہ جذبہ نہیں ہے کیو نکہ بورڈ کے اندر بغاوت ہو چکی ہے اور ہر کوئی اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس کر رہا ہے ۔سابق چیئر مین پی سی بی نے کہا کہ اصل مسئلہ مینجمنٹ کا ہے ،ایسے شخص کو مینجنگ ڈائر یکٹر لگا یا گیا جس کو پاکستان کے بارے میں پتہ ہی نہیں ،اس نے ساری زندگی لندن گزاری ۔انہوں نے مزید کہا کہ جب میں آیا تو میں نے بہت ما ر کھانے کے بعد سیکھ کر مختلف چیزیں بنائی تھیں ۔