کیا ٹیم میں اختلاف ہیں ؟صحافی کے سوال پر کپتان سرفراز نے جواب دے دیا
مانچسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) ورلڈکپ 2019 کے اہم ترین میچ میں روایتی حریف بھارت سے شکست کے بعد پاکستانی ڈریسنگ روم سے کھلاڑیوں کے اختلاف کی خبر یں سامنے آرہی ہے جس کے باعث ڈریسنگ روم کا ماحول پریشانی کا شکار ہو گیا ہے ۔نجی نیوز چینل دنیا نیوز کے مطابق آج سرفراز احمد جب ہوٹل آئے تو وہاں موجود ایک صحافی نے قومی ٹیم کے کپتان سے ٹیم میں اختلافات سے متعلق سوال کیا جس پر انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا ۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ سارا کچھ میرے حساب سے چل رہا ہے ۔
واضح رہے کہ نجی نیوز چینل جیو نیوز نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت کے خلاف ناقص کارکردگی دکھانے پر سرفراز احمد نے ٹیم کو خوب آڑے ہاتھوں لیا ، انہوں نے ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں سے کہا کہ کھلاڑی بھارت کے خلاف خراب کارکردگی کو بھول کرآگے بڑھیں اورٹیم کواٹھائیںگے۔سرفرازاحمدنے کھلاڑیوں کووارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی سمجھتا ہے صرف میں گھرچلا جاوں گا تو یہ اس کی حماقت ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا خدانخواستہ ٹیم کے ساتھ کچھ برا ہوا تو میرے ساتھ اور بھی لوگوں کو گھر جانا پڑے گا۔
ذرائع کے مطابق ڈریسنگ روم میں کپتان سرفراز احمد بولتے رہے اور لڑکے ندامت سے سر جھکائے ہوئے تھے ، کم گوسرفراز احمد سخت غصے میں بہت کچھ کہہ گئے۔ سرفراز کی باتوں پر سینئرز نے بات نہیں کی جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی خاموش رہے، سرفراز احمد نے کھلاڑیوں پرواضح کردیا کہ اب جو ہوگیا اسے بھول جائیں اورآگے بڑھیں۔