عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے: علی امین گنڈا پور

        عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے: ...

  

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے اور کشمیریوں کے جان ومال اور حقوق کی حفاظت کے لیے جلد ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہاکہ نہتے کشمیری پچھلے ستر سال سے اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور بھارتی ریاستی اداروں کے ظلم وتشدد کو برداشت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے اور بھارتی افواج نے پوری مقبوضہ وادی کو ایک جیل میں تبدیل کر رکھا ہے جہاں تمام تر عالمی انسانی حقوق کی دھجیاں اُڑائی جارہی ہیں انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت کے واقعات،جعلی مقابلوں اور کشمیریوں کی املاک کو نظر آتش کرنے کے واقعا ت میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور بھارتی ریاستی ادارے مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرانے کے لیے نئے قابل مذمت ڈومیسائل قوانین سمیت تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت ہندو انتہا پسندی کے جس راستے پر چل رہا ہے اُس کے خطے کی سلامتی کے لیے بڑے خطرناک نتائج برآمد ہو ں گے۔ ۔انہوں نے کہا کہ بھارت آئے روز ایل او سی پر اشتعال انگیزی کو ہوا دے رہا ہے اوررواں سال اس نے ایل اوسی پر جنگ بندی معاہدے کی شدیدخلاف ورزیاں کرتے ہوئے ایل او سی کے اس پار آزادکشمیرمیں نہتے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت ہوئی تو اُسے منہ توڑ جواب ملے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تمام تر حالات میں اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔

علی امین گنڈاپور

مزید :

صفحہ آخر -