ممتاز روحانی شخصیت ڈاکٹر عبدالمقیم لاہور میں انتقال کر گئے

      ممتاز روحانی شخصیت ڈاکٹر عبدالمقیم لاہور میں انتقال کر گئے

  

لاہور (نمائندہ خصوصی)ملک کی ممتاز روحانی شخصیت اور خانقاہ امدادیہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم و سرپرست حضرت ڈاکٹر عبدالمقیم علالت کے بعد 88 سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے، مرحوم عالم اسلام کی عظیم علمی و روحانی شخصیت حضرت مولانا شاہ حکیم محمد اختر (کراچی) کے خلیفہ مجاز تھے، آپ نے ملائشیاء، سعودی عرب و بنگلہ دیش کے تبلیغی و اصلاحی سفر بھی کئے اور آپ نے اپنے پیر و مرشد حضرت مولانا شاہ حکیم محمد اخترکی ایک ہزار کے قریب تصانیف کتب کوبڑے خوبصورت انداز میں خانقاہ امدایہ اشرفیہ لاہور سے بڑی تعداد میں شائع کر کے عام کیا جبکہ حضرت ڈاکٹر عبدالمقیم نے خود بھی کئی کتب تصانیف کیں جن میں اصلاح معاشرہ اور ہماری زندگی، تعلق مع اللہ حاصل کرنے کا طریقہ،چاروں روحانی سلسلوں کا تعارف، شیخ(پیرومرشد) کی اہمیت و ضرورت سمیت دیگر کتب شامل ہیں۔ مرحوم کی نماز جنازہ جامعہ اشرفیہ لاہور میں مہتمم و شیخ الحدیث حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے پڑھائی نماز جنازہ میں مولانا مطہر محمود کراچی، میاں عبداللہ مظہر کراچی،مفتی شیر محمد علوی،مولانا صوفی عتیق الرحمن،مولانا عبدالشکور حقانی، استاذ الحدیث مولانا مفتی انیس احمد مظاہری،مولانا قاری جمیل الرحمن اختر، مفتی محمد خان اورجامعہ اشرفیہ لاہور کے اساتذہ و علماء سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں حکومتی احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ شرکت کی بعد میں مرحوم کو قبرستان شیرشاہ اچھرہ لاہور میں سپرد خاک کر دیا گیا،مرحوم نے اہلیہ، 2 بیٹے اور 5 بیٹیوں سمیت سینکڑوں مرید اور ہزاروں عقیدت مند سوگوار چھوڑے۔حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالمقیم کی وفات پر جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، نائب مہتمم و ناظم اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید، حافظ اسعد عبید، حافظ اجود عبید، مولانا محمد اکرم کاشمیری، پروفیسر مولانا محمد یوسف خان، مولانا فہیم الحسن تھانوی، مولانا مجیب الرحمن انقلابی، انٹر نیشنل ختم نبوت مؤومنٹ کے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنائیت اللہ سمیت اہم دینی شخصیات نے مرحوم کیلئے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

انتقال

مزید :

صفحہ آخر -