اسد قیصر سے افغان سفیر کی ملاقات، خطے میں امن و امان پر تبادلہ خیال

      اسد قیصر سے افغان سفیر کی ملاقات، خطے میں امن و امان پر تبادلہ خیال

  

اسلام آباد (این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں تعینات افغانستان کے سفیر شکراللہ عاطف مشال نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، ثقافت اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، اسد قیصر نے کہاکہ سرحد کی دونوں جانب کی عوام کے درمیان محبت اور باہمی احترام کا رشتہ پایا جاتا ہے،پاکستان ایک پرامن،مستحکم اورخوشحال افغانستان دیکھنے کا خواہاں ہے۔اسد قیصر نے کہاکہ پر امن،مستحکم اور خوشحال افغانستان خطے کے امن و سلامتی کے لیے ناگزیر ہے،پاکستان خطے اور عالمی پارٹنرز کے ساتھ مل کر افغانستان میں پائیدارامن کے قیام کے لیے کو شاں ہے۔اسد قیصر نے کہاکہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اسد قیصر نے کہاکہ دونوں ممالک کے اراکینِ پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، پاک افغان تجارت کے باعث دونوں ملکوں کو فوائد حاصل ہونگے۔ افغان سفیر نے کہاکہ عالمی وباء کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، افغان عوام کورونا وباء کے مرض میں مبتلاء پاکستانی بھائیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہے۔

ملاقات

مزید :

صفحہ آخر -