حکومت بلوچستان نے سمارٹ لاک ڈاؤن میں 14 یوم کی توسیع کردی

  حکومت بلوچستان نے سمارٹ لاک ڈاؤن میں 14 یوم کی توسیع کردی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
کوئٹہ (آن لائن)حکومت بلوچستان نے کورونا وائرس کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن میں 14 یوم کی توسیع کردی۔محکمہ داخلہ وقبائلی امور کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن میں توسیع کے بعد اب یہ لاک ڈاؤن 30جون تک نافذ العمل رہے گا،اس سے قبل 15 دن کیلئے سمارٹ لاک ڈاون میں توسیع کی گئی تھی،نوٹیفکیشن کے مطابق دس یا دس سے زیادہ لوگوں کی اجتماع،تمام مذہبی،سیاسی و دیگر اجتماعات، سماجی فاصلے کے بغیر سفراور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری، گاڑی میں دو افراد سے زیادہ سواریوں پرپابندی ہوگی۔ ہر شخص کیلئے ماسک یا منہ کوکپڑے سے ڈھانپنا لازمی ہوگا، نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تعلیمی ادارے سکولز،کالجز،ووکیشنل ادارے،کوچنگ سینٹرز،مدارس 15جولائی تک بند رہیں گے۔ سینما ہالز،فارم ہاؤسز،پکنک پوائنٹس،شادی ہالز،جم کلب،سپورٹس کلب،پارکس،ہوٹلز،آڈیٹوریمز،شورومزاوربیوٹیپارلرزبھی بند رہیں گے،نوٹیفکیشن کے مطابق تمام دکانیں،مارکیٹیں،سٹورز، صبح 9بجے سے شام 7بجے تک ہفتے میں صرف 6دن کھلے رہیں گے۔جمعہ کو مکمل لاک ڈاؤن ہوگا،شام 7بجے کے بعد لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔ تندور، ڈیری فارمز، میڈیکل سٹورز، بلڈ بینکس،اشیائے خوردونوش کی دکانیں 24گھنٹے کھلے رہیں گی۔ بیکریز صبح9بجے سے رات 9بجے تک کھلی رہیں گی۔ ہوٹلز 24گھنٹے صرف پارسل کی صورت میں کھانا فراہم کرسکتے ہیں۔ انٹرسٹی اور انٹراسٹی ٹرانسپورٹ ایس او پیز کے تحت چلانے کی اجازت ہوگی،نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ واسا، میونسپلٹی،کیسکو، پی ٹی اے،پی ٹی سی ایل،این ٹی سی،این ٹی ڈی سی،ایس ایس جی سی ایل،پی پی ایل،اوجی ڈی سی ایل اور بی ایم ای کے ملازمین مستثنیٰ ہونگے،نوٹیفکیشن میں کہاگیاہے کہ ہر شخص ماسک اور سینیٹائزر کااستعمال کریگا دکانوں میں ماسک کے بغیر کسی بھی اندر آنے کی اجازت نہیں ہوگی،محکمہ داخلہ وقبائلی امور کے نوٹیفکیشن کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن 30جون تک نافذ العمل رہے گا۔
لاک ڈاؤن توسیع