کوہاٹ، قانون شکن عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن، 2192مشتبہ گرفتار

  کوہاٹ، قانون شکن عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن، 2192مشتبہ گرفتار

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)کوہاٹ پولیس نے ماہ رواں کے دوران سماج دشمن عناصر کے خلاف منظم کریک ڈاؤن کے نتیجے میں 32مطلوب اشتہاریوں اور44منشیات ڈیلروں سمیت 2192مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز اور سنیپ چیکنگ کی کاروائیوں میں اسلحہ و منشیات کی بھاری کھیپ بھی برآمد کرلی گئی ہے۔جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کے دوران گرفتار افراد میں اشتہاری مجرموں کے14سہولت کار اور غیر قانونی مقیم4 افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)منصور امان کے احکامات کی روشنی میں سماج دشمن عناصر کے خلاف ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کی کاروائیوں کا سلسلہ مزید بڑھا دیا گیا ہے اور شہر میں منظم سیکیورٹی اقدامات کے تحت قانون شکن عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔اس سلسلے میں نیشنل ایکشن پلان کی من و عن عملداری کو مد نظر رکھتے ہوئے کوہاٹ کے چاروں سرکلز سٹی،ہیڈ کوارٹر،صدر اور لاچی سرکل کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز،اچانک چھاپوں اور کریک ڈاؤن کے تسلسل میں پولیس نے ماہ جون کے ابتدائی پندرہ دنوں کے دوران شہرو مضافاتی علاقوں اور دورافتادہ دیہاتوں میں آپریشنل کاروائیوں کے دوران قتل و اقدام قتل،ڈکیتی،رہزنی اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب32مجرمان اشتہاریوں اور انکے 14سہولت کاروں سمیت 2192مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کرلیا۔شہر کے مختلف مقامات پر مشتبہ و جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری کاروائیوں کے تسلسل میں سفری و شناختی دستاویزات کے بغیر مقیم 4 افغان باشندوں کو بھی حراست میں لیکر انکے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرلئے گئے۔رواں مہینے ضلع بھر میں کریک ڈاؤن کے دوران 20کلاشنکوف،3کلاکوف،7ریپیٹر،3رائفل،22بندوقیں،133پستول،مختلف بور کے12000 کارتوس اور 180چارجرز برآمد کئے گئے۔آپریشنز کے دوران ضلع بھر میں 900مکانات چیک کئے گئے جن میں مقیم 3غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے105کلو گرام چرس،260گرام آئس ۱ور 1100گرام ہیروئن برآمد کرکے 44منشیات فروشوں کے خلاف بھی مقدمات درج کئے گئے اور انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ماہ رواں پولیس نے وی وی ایس،آئی وی ایس اور سی آر وی ایس موبائل فون کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چھوٹی بڑی 13000گاڑیوں بشمول موٹر سائیکلوں اور 24000افراد کا ڈیٹا چیک کیا جن میں 1192افراد کو زیردفعہ 107/151اور 987افراد کو ضابطہ فوجداری کے دفعہ 55/109کے تحت حراست میں لیکر چالان عدالت کیا گیاجبکہ نان رجسٹرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ180موٹر سائیکلیں تحویل میں لیکر مزید چھان بین کیلئے متعلقہ تھانوں میں بند کردی گئیں۔اسی طرح ہوائی فائرنگ کے سد باب کے حوالے سے ڈی پی اوکوہاٹ کی طرف سے واضح احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے پولیس نے شہر اور مضافات کے مختلف علاقوں سے ہوائی فائرنگ کے مرتکب 13افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مختلف قسم کے 17عدد ہتھیار اور درجنوں کارتوس برآمد کرلئے اور انکے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے انہیں بھی پابند سلاسل کردیا گیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -