بجٹ اجلاس میں اپوزیشن نے پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائیں: عثمان بزدار

بجٹ اجلاس میں اپوزیشن نے پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائیں: عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ غیر معمولی صورتحال کے باوجود حکومت پنجاب نے 56 ارب روپے کا ٹیکس ریلیف فراہم کیا ہے اوریہ اقدام صوبے میں کاروبار کے فروغ میں ممدو معاون ثابت ہوگا۔معیشت چلے گی تو روزگار ملے گا اور ٹیکس زیادہ جمع ہوگا۔اپوزیشن نے بجٹ تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی کرکے غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی اقدام کیا اوربجٹ سیشن کے دوران اپوزیشن نے غیر سنجیدہ رویہ اختیار کرکے پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائیں۔ اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کر رہی ہے اوراپوزیشن کو عوام کے مفادات سے کوئی غرض نہیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ حقیقت پسندانہ ترقیاتی اہداف پر مبنی ہے اور یہ بجٹ ماضی کی حکومت کی طرح اعداد و شمار کی جادوگری نہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملتان کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔اراکین اسمبلی نے اپنے علاقوں کے مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے منصوبوں کے بارے میں تجاویز دیں۔وزیراعلیٰ نے ملتان کے ترقیاتی منصوبوں، فلاح عامہ کی سکیموں اورحلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے فنڈز مختص کر دئیے گئے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورایڈیشنل آئی جی کی پوسٹوں کی منظوری دی جاچکی لہٰذاجنو بی پنجاب سیکرٹریٹ جلد فنکشنل کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کے نام پر دھوکہ دیا اور ہم جنوبی پنجاب کو اس کی ترقی کا حق واپس دے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر اختر ملک،محمد سلیم اختر،ملک واصف مظہرراں،میاں طارق عبداللہ،قاسم عباس خان،سبین گل خان اورپارلیمانی سیکرٹری محمد ندیم قریشی شامل تھے۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے ملتان صحافی کالونی کے ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز جاری کردیئے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان جرنلسٹ ہاؤسنگ کالونی کیلئے 5کروڑ40لاکھ روپے کا چیک ایوان وزیراعلیٰ میں ڈی جی ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد علی عباس کو دیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ فراہم کردہ رقم سے ملتان صحافی کالونی میں ترقیاتی کام ہوں گے۔الاٹیوں کو گھروں کی تعمیر میں سہولت ہوگی۔534الاٹیوں کو ریلیف ملے گا۔صحافیوں کی سہولت کیلئے ہر ممکن قدم اٹھاتے رہیں گے جبکہ صوبے کے ہر ڈویژن میں صحافی کالونی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء میں عوام میں شعور کی بیداری کیلئے میڈیا کا کردارمسلمہ ہے اوراحتیاطی تدابیراختیارکرنے کیلئے موثر آگاہی مہم ضروری ہے۔۔صدر ملتان پریس کلب شکیل انجم نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو ملتان پریس کلب کی لائف ممبر شپ شیلڈ پیش کی۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یزمان کے علاقے قصاب مارکیٹ ریلوے روڈپر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے فوڈ سیفٹی آفیسر اورڈرائیور پر حملے کے واقعہ کاسخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زخمی فوڈ سیفٹی آفیسر ڈاکٹر عدیل احمد اورڈرائیورجاوید اختر کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔جبکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کینال روڈ پر گھوڑوں کی ریس اور ہوائی فائرنگ کے واقعہ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے راولپنڈی کے علاقے میں جہلم ہائی وے کلیام موڑپر ڈپومیں آتشزدگی کے واقعہ کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر تے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -