پاکستانی سفارتخانے کے گھیراؤ کی مذمت، چینی افواج پر بھارتی حملے علاقائی استحکام کیخلاف سازش: شہباز شریف

    پاکستانی سفارتخانے کے گھیراؤ کی مذمت، چینی افواج پر بھارتی حملے علاقائی ...

  

لاہور (جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانے کے گھیراؤ اور چینی افواج پربھارتی حملے پر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کورونا وبا سے لڑ رہی ہے اور بھارت پر جنگ کا جنون سوار ہے، چینی فوج پر بھارتی حملہ انتہائی قابل مذمت اور خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مذموم سازش ہے،چین کی امن پسند اجتماعی خوشحالی کی پالیسی سے بھارت حسد کی آگ میں جل رہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے اندر ظلم وستم کی انتہا، لداخ میں شر انگیزی اور ایل او سی پر بلا جواز جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بھارتی جارحیت کی کھلی مثالیں ہیں۔لیگی رہنما نے کہا کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل خاموش تماشائی نہ بنے بلکہ بھارتی جنگی جنون روکنے کیلئے کردار ادا کرے۔ پاکستان کے عوام چین کی حمایت کرتے ہیں اور ہر بھارتی جارحیت کے خلاف چین کے عوام کے ساتھ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کا گھیراؤ اور سفارتی عملے کو دھمکانا کم ظرف سوچ کا اظہار ہے۔ نریندر مودی ہمسایوں کیساتھ نہیں کورونا وائرس کے خلاف لڑیں اور خطے کا امن تباہ نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کو بھارت اور خطے کے غریب عوام پر ترس کھانا چاہیے۔ دوسروں کے گھر میں آگ لگاتے ہوئے مودی کے اپنے ہاتھ جل جائیں گے۔ خطے کے امن اور ترقی پسند ممالک الگ اتحاد بنائیں۔

شہبازشریف

مزید :

صفحہ اول -