ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے شہریوں کو قتل کرنیوالے 5ملزم گرفتار

  ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے شہریوں کو قتل کرنیوالے 5ملزم گرفتار

  

لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور انویسٹی گیشن پولیس نے2مختلف کارروائیوں کے دوران شہریوں کے قتل کی وارداتوں میں ملوث 5خطرناک ملزمان کو گرفتارکر لیاہے۔ تفصیلات کے مطابق انویسٹی گیشن ونگ کی سپیشل ٹیموں نے ڈکیتی مزاحمت پر شہری علی عباس کوفائرنگ کر کے قتل کرنے والے3سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان محمد بلال،شہزاد اور جاوید کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے 6ماہ قبل نواب ٹاون کے علاقے غازی موبائل سنٹر میں دوران ڈکیتی مزاحمت پرفائرنگ کر دی تھی جس سے دوکان مالک علی عباس موقع پر ہی جانبحق ہو گیا تھا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان اس سے قبل بھی گھروں اور دوکانوں میں گن پوائنٹ پر ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں ملوث تھے۔اسی طرح ایس پی صدر انویسٹی گیشن منصور قمرکی سربراہی میں مانگا منڈی پولیس نے ایک ماہ قبل شہری زین العابدین کے سر میں فائر مار کر قتل کرنے کی سنگین واردات میں ملوث 2 ملزمان ناصر جٹ اور یاسر جٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔مقتول زین العابدین نے ناصر جٹ اور یاسر جٹ سے اپنے جانوروں کے لیے 8 ہزار روپے کا چارہ خریدا تھا۔ ملزمان نے چارے کے ریٹ کے معمولی تنازع اور تلخ کلامی کی رنجش پر مقتول زین العابدین پر فائرنگ کر دی تھی۔ ملزمان کی فائرنگ سے شہری زین العابدین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔ ملزمان شہری زین العابدین کو قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے تھے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر نے قتل کی سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر پولیس ٹیمز کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزید :

علاقائی -