خاتون پرتشدد وکیل اور دیگر ملزموں کی ضمانتوں میں 13ویں مرتبہ تو سیع
لاہور(نامہ نگار)سیشن عدالت نے خواتین پر مبینہ طور پرتشدد میں ملوث وکیل سمیت دیگر ملزموں کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی، واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے وکیل اور اس کے ساتھی ملزموں کی 13ویں مرتبہ عبوری ضمانت میں توسیع کی گئی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج سمعیہ اسد نے ملزم اکرام خان سلہری ایڈووکیٹ اور اس کے ساتھی ملزمان کی ضمانتوں میں توسیع کی درخواستوں پر سماعت کی،ملزموں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ابھی تیاری مکمل نہیں ہے،اگلی تاریخ دے دی جائے،دوران سماعت مقدمہ کی مدعیہ کی جانب سے عدالت میں ملزمان کو بار بار کیس کی تاریخ دینے پر اعتراض کیا گیا،مدعیہ کے وکیل نے کہا کہ ملزم وکیل کے خلاف تھانہ نشتر کالونی میں گزشتہ سال دسمبر کا مقدمہ درج ہوا،ملزم وکیل اور اسکے ساتھی گزشتہ سال سے ہی عبوری ضمانتوں پر ہیں،وکیل نے کہا کہ عبوری ضمانت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہی ملزمان نے دوبارہ مدعیہ نائلہ منیر کے گھر پر حملہ کیا، گھر میں گھس کر بیٹیوں پر تشدد کا دوسرا مقدمہ کوٹ لکھپت میں درج کروایا، ملزم وکیل ہونے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، عدالت بار بار ملزمان کو ریلیف دے رہی ہے جس کا ملزم ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں، ملزم کی عبوری ضمانتوں پر فیصلے میں تاخیر کی وجہ میری بیٹیوں پر تیسری مرتبہ بھی حملہ ہو سکتا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ عبوری ضمانت کی درخواستوں جلد فیصلہ سنایاجائے،اس کیس کی مزید سماعت 18 جون کوہوگی۔