پنجاب کے تھانوں کو سرکاری عمارتوں میں منتقل کرنے کا فیصلہ

پنجاب کے تھانوں کو سرکاری عمارتوں میں منتقل کرنے کا فیصلہ

  

لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب بھر کے تھانوں کو سرکاری جگہ پر عمارتیں تعمیر کر کے منتقل کرنے کا فیصلہ، لاہور سمیت صوبہ بھر میں کرائے کی عمارتوں میں موجود 95 تھانوں کیلئے سرکاری ارضی کی نشاندہی کا کام شروع کردیا گیا، لاہور کے 20 تھانوں سمیت 54 تھانوں کی سرکاری اراضی کے کاغذات بورڈ آف ریونیو کو بھجوا دیئے گئے جبکہ بقیہ تھانوں کیلئے رواں ہفتے نشاندہی کر کے رپورٹ بھجوانے کا حکم دیدیا گیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں 115 تھانے کرائے کی یا دیگر اداروں کی عمارتوں میں قائم ہیں، جن میں سے 20 تھانوں کی عمارتوں کیلئے سرکاری اراضی حاصل کرلی گئی ہے، جوزیر تعمیر ہیں لاہور میں 25 تھانوں سمیت پنجاب کے 95 تھانے ابھی بھی کرائے کی عمارتوں میں ہیں، جن کا محکمہ پولیس کو کروڑوں روپے کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے۔آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے تمام تھانوں کیلئے سرکاری اراضی کے حصول کیلئے ڈی پی اوز کو بورڈ آف ریونیو کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت کی تھی ابھی تک لاہور پولیس نے 20 تھانوں کیلئے جگہ کی نشاندہی کی ہے جبکہ صوبہ بھر کے 15 اضلاع سے ٹوٹل 54 تھانوں کی نشاندہی کرکے کاغذات آئی جی آفس بھجوائے گئے تھے، جن کو اب بورڈآف ریونیو بھجوا دیا گیا ہے۔بقیہ اضلاع کو بھی فوری نشاندہی کر کے رپورٹ آئی جی آفس بھجوانے کا حکم دیا گیا ہے۔

مزید :

علاقائی -