قیامت خیز گرمی، لوڈشیڈنگ سے شہری نڈھال،احتجاجی مظاہرے

      قیامت خیز گرمی، لوڈشیڈنگ سے شہری نڈھال،احتجاجی مظاہرے

  

ملتان، راجن پور، لیاقت پور، خانیوال(سٹی رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار، نمائندہ پاکستان)جنوبی پنجاب میں ریکارڈ گرمی پڑنے سے درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہنچ گیا جس سے شہریوں کی آ مدورفت محدود ہوگئی جبکہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق (بقیہ نمبر34صفحہ6پر)

آج موسم شدید گرم و خشک رہنے اور گردآلود ہواہں چلنے کا امکان ہے منگل کے روز ملتان میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 44.5 کم سے کم 31.7 بہاولپور زیادہ سے زیادہ 44.9 کم سے کم 28.9 رحیم یار خان زیادہ سے زیادہ 46 کم سے کم 30 خان پور زیادہ سے زیادہ 45.3 کم سے کم 29.7 بہاولنگر زیادہ سے زیادہ 47 کم سے کم 28.5 کوٹ ادو زیادہ سے زیادہ 45.3 کم سے کم 29.8 ڈی جی خان زیادہ سے زیادہ 46.5 کم سے کم 29.5 کروڑ لعل عیسن زیادہ سے زیادہ 44.5 کم سے کم 29 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔راجن پو ر میں سورج سوانیزے پر آگیا،سخت گرمی کے باعث شہریوں کا بُرا حال ہوگیا،ٹھنڈے مشروبات اور برف کی مانگ میں اضافہ ہوگیا،الیکٹرانکس کی دوکا نوں پرائیر کولرز کی فروخت میں بھی اضافہ ہوگیا گرمی سے بچنے کیلئے شہریوں نے گھروں میں ہی محصور رہنے میں ہی عافیت سمجھی، جس سے راجن پور شہر کی مرکزی سڑکات کچہری روڈ،ضیاء شہید روڈ،قطب کینال روڈ،فتح پورروڈ سنسان نظر آئی گذشتہ روز راجن پورشہر کاٹمپریچر 49 ڈگری نوٹ کیا گیا۔ گرمی کی شدت میں اضافہ ھوتے ہی میپکوسرکل لیاقت پور نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع کردی ہے۔روزانہ کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے لوگوں کا جینا محال ہو گیا۔سٹی لیاقت پور اللہ آباد اور دیگر فیڈرز سے کئی بار بجلی بند کی جاتی ہے اور مسلسل کئی گھنٹے اسے بند رکھا جاتا ہے ایسی صورت میں جبکہ درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ کو چھو رہا ہوتا ہے گھروں میں موجود خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید اذیت اور کربناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ کاروبار بھی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں بتایا گیا ہے کہ بجلی کی بندش سے لائن لاسز کو پورا کیا جا رہا ہے۔مقامی شہریوں عبدالرحمن، محمد عزیر احمد صدیقی، محمد ہاشم اور دیگر نے کہا ہے کہ اگر سرکاری طور پر کوئی شیڈول ہو تو اسے عوام کے لیے پبلک کیا جائے تاہم میپکو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی کھپت میں اضافہ کی وجہ سے لائنیں ٹرپ کر جاتی ہیں۔خانیوال ضلع بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا سورج صبح سویرے ہی سوا نیزے پر آگیا اور دس بجے کے قریب خانیوال میں گرمی کی انتہا کو پنچنا شروع ہوگئی لاک ڈاؤن ختم ہونے کے باوجود گرمی کے باعث بازاروں میں معمول سے کم رش دیکھنے میں آیا شہری گرمی کے باعث گھروں میں دبک کررہ گئے۔

مظاہرے

مزید :

ملتان صفحہ آخر -