گورنر سندھ عمران اسماعیل کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان سے منگل کوگورنرہاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی اور سندھ میں کورونا کی صورتحال طبی سہولیات کی فراہمی، وفاقی ترقیاتی منصوبوں اورصوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیرعلی زیدی بھی ملاقات میں شامل تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران کراچی سمیت صوبے بھرمیں وفاق کے زیرانتظام ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، کراچی پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے،کراچی سمیت سندھ کی ترقی کے لیے پوری محنت کر رہے ہیں،کراچی کی ترقی کامطلب روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔گورنرسندھ نے وزیراعظم کوکراچی میں زیرتکمیل وفاقی ترقیاتی منصوبوں اوران پرہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کے ماحول میں فیصلے کرنا بہت مشکل ہوگیا ہے،مشکلات کے باوجود حکومت نے بہت ترقیاتی کام کیے ہیں کراچی کی ترقی کے لیے ابھی بہت کچھ کرناباقی ہے۔وفاقی وزیربحری امورعلی زیدی نے وزیراعظم کوکراچی کودرپیش مسائل کے حل کے لیے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے ہونے والی ملاقاتوں اورمشترکہ منصوبہ بندی لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سندھ کے دو روزہ درورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں، کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل و دیگر نے وزیراعظم کا استقبال کیا، جبکہ وزیراعلی سندھ وزیراعظم کے استقبال کیلئے ائیرپورٹ نہیں آئے،غیررسمی طورپرسندھ حکومت کی جانب سے یہ مؤقف اختیارکیا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران کے دورہ کراچی لاڑکانہ میں وزیراعلی سندھ کومدعو نہیں کیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان سے بدھ کو تحریک انصاف کا وفد ملاقات کرے گا اور گورنر ہاوس میں جی ڈی اے اور ایم کیم ایم پاکستان کا وفد بھی وزیراعظم سے ملاقات میں این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کے حصے، اسٹیل ملز کی نجکاری، ٹڈی دل کے خاتمے اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے معاملے پرتبادلہ خیال کرے گا۔وزیراعظم عمران خان بدھ کو ایک دن کے دورے پر لاڑکانہ بھی جائینگے جہاں وہ ہیلتھ پروفیشنلز کے علاوہ مختلف سیاسی اورسماجی شخصیات عمائدین سے ملاقاتوں کے علاوہ کورونا وائرس کے حوالے سے ایک اجلاس کی بھی صدارت کریں گے اوراحساس پروگرام کے مرکزکا بھی دورہ کریں گے۔وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور وفاقی وزیر برائے نجکاری میاں محمد سومرو،وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی وزیر اعظم کے ساتھ کراچی پہنچی ہیں۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں