عباسی ہسپتال کی لیبارٹری کو آئندہ ہفتے فعال کردیا جائے گا،میئر کراچی

عباسی ہسپتال کی لیبارٹری کو آئندہ ہفتے فعال کردیا جائے گا،میئر کراچی

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ عباسی شہید اسپتال کی لیبارٹری کو آئندہ ہفتے تک فعال کردیا جائے گا اور توقع ہے کہ جلد ہی کورونا وائرس کے ٹیسٹ لیبارٹری میں شروع کردیئے جائیں گے، ٹیسٹ کی یہ سہولت شہریوں کو مفت فراہم کی جائے گی، عباسی شہید اسپتال میں کورونا وارڈ بھی قائم کیا جا رہا ہے جس میں بیک وقت 48 مرد و خواتین اور 26 بچے داخل کرنے کی گنجائش ہوگی اور این ڈی ایم اے آئیسولیشن وارڈ کو بنانے کے لئے تمام ضروریات مہیا کرے گا، یہ بات انہوں نے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر بیربل گینانی کی جانب سے دی گئی ایک بریفنگ کے موقع پر کہی، میئر کراچی نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے عباسی شہید اسپتال کی لیبارٹری کسی بھی قسم کے ٹیسٹ کے قابل نہیں تھی اب اس میں سول ورک کے بعد جدید آلات بھی فراہم کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی مفت سہولت مہیا کرسکیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کے اسپتالوں میں مریضوں کے لئے گنجائش ختم ہونے کے باعث شہریوں کو شدید پریشانیاں لاحق ہیں اور کے ایم سی کے اسپتالوں میں یہ گنجائش موجود ہے کہ وہاں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے باقاعدہ وارڈز قائم کئے جاسکتے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں آئیسولیشن وارڈ کے ساتھ ساتھ آئی سی یو اور ایچ ڈی یو وارڈ بھی قائم کئے جارہے ہیں، میئر کراچی وسیم اختر کو بریفنگ دیتے ہوئے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر بیربل گینانی نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے پی ڈی ایم اے کی ایک ٹیم نے عباسی شہید اسپتال کا تفصیلی دورہ کیا جبکہ عباسی شہید اسپتا ل کی ٹیم جس میں سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر بیربل گینانی، وائس پرنسپل کے ایم ڈی سی ڈاکٹر خالد اشرفی، ایم ایس عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر ندیم راجپوت، پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر انیلہ الطاف اور سینئر ڈائریکٹر کوآرڈنیشن مسعود عالم بھی اس ٹیم کے ہمراہ تھے، ٹیم نے کورونا وائرس وارڈ کے حوالے سے تمام تر تفصیلات کا جائزہ لیا اور فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہفتے تک وارڈ فعال کردیا جائے گا اور حکومت سندھ سے درخواست کی جائے گی کہ وہ کوروناوائرس کے ٹیسٹ کے لئے عباسی شہید اسپتال کو کٹس فراہم کریں، بریفنگ میں بتایا گیا کہ عباسی شہید اسپتال ضلع وسطی، ضلع شرقی اور ضلع غربی کے تمام علاقوں جس میں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، ایف بی ایریا، کریم آباد، شریف آباد، رضویہ، اورنگی ٹاؤن، حیدری، سخی حسن، بفرزون اور دیگر ملحقہ علاقے شامل ہیں، میئر کراچی کو بتایا گیا کہ حکومت سندھ کی ایس او پیز کے تحت عباسی شہید اسپتال میں او پی ڈی کھول دی گئی ہے جہاں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور مریضوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سختی کے ساتھ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اسپتال میں داخل ہوں، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ڈی ایم اے کو عباسی شہید اسپتال میں کورونا وائرس کے حوالے سے فزیبلیٹی رپورٹ بنا کر دی گئی ہے اور امید ہے کہ آئندہ ہفتے سے یہ وارڈ مکمل طور کام کرنا شروع کردے گا، میئر کراچی وسیم اختر نے محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کو ہدایت کی کہ وہ اس مشکل وقت میں شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کیسر اٹھا نہ رکھیں اور جو بھی سہولیات موجود ہیں ان سے شہریوں کو براہ راست مستفیض کیا جائے، میئر کراچی نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کورونا وائرس وباء کے خلاف فرنٹ لائن پر جو کردار ادا کر رہا ہے وہ انتہائی قابل ستائش ہے اور پوری قوم اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -