کورونا مریضوں میں اضافہ، فیصل آباد کے 17علاقے آج سے سیل

کورونا مریضوں میں اضافہ، فیصل آباد کے 17علاقے آج سے سیل

  

فیصل آباد (سپیشل رپورٹر)کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر فیصل آبادمیں بدھ 17 جون رات 12 بجے سے مرحلہ وارسمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کیا جائے گا تاہم پنجاب انفکشنز ڈیزیز کنٹرول آرڈیننس کی خلاف ورزی پر کچہری بازار میں واقع موبائل مارکیٹ 17 جون کی صبح سے ہی سیل ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پہلے مرحلے میں 17علاقوں کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں کورونا کے 50 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں گھنٹہ گھر کے اطراف تمام 8 بازار،اکبر چوک مارکیٹ،بانو مارکیٹ، مکی مارکیٹ،انار کلی بازار،ڈی ٹائپ کالونی،ڈھڈی والامارکیٹ،جھال مارکیٹ،منڈی کوارٹر،مین بازار منصور آباد،مین بازارسمن آباد،مین بازار رضا آباد، صدر بازار غلام محمد آباد،وارث پورہ گول،ٹاٹا بازارمارکیٹ فیکٹری ایریا، ڈجکوٹ مین بازارشامل ہیں۔سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران گھنٹہ گھر اور ملحقہ بازاروں میں ہر قسم کی ٹریفک بھی بند ہوگی تاہم انتہائی ضرورت کے تحت ہی پیدل آنے جانے کی اجازت ہوگی۔دوسرے مرحلہ میں 30سے زائد کیسز رپورٹ ہونے والے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائیگا اور تیسرے مرحلہ میں مستقبل میں کورونا کے ممکنہ کیسز رپورٹ ہونے والے علاقوں کو لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ نے عندیہ دیا ہے کہ جن علاقوں کو تاحال لاک ڈاؤن نہیں کیا جارہا وہاں انسداد کورونا اقدامات کی خلاف ورزی کی صورت میں پوری مارکیٹ وبازار کو سیل کردیا جائے گا۔تاہم وضع کردہ ہدایات پر عملدرآمد لازمی ہے اور خلاف ورزی پر متعلقہ آرڈیننس کے تحت سخت ایکشن سے گریز نہیں کیا جائے گا۔علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ قبرستانوں کے ریکارڈ کو بھی مرتب کررہی ہے تاکہ کورونا سے ہونے والی اموات کا درست اندازہ لگایاجاسکے۔

سیل

مزید :

صفحہ آخر -