”پی سی بی کو تحلیل کریں اور سپریم کورٹ کے سابق جج کی خدمات حاصل کر کے ۔۔۔“ سرفراز نواز نے بڑا مطالبہ کر دیا

”پی سی بی کو تحلیل کریں اور سپریم کورٹ کے سابق جج کی خدمات حاصل کر کے ۔۔۔“ ...
”پی سی بی کو تحلیل کریں اور سپریم کورٹ کے سابق جج کی خدمات حاصل کر کے ۔۔۔“ سرفراز نواز نے بڑا مطالبہ کر دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر سرفراز نواز نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے سابق جج کی خدمات حاصل کر کے معاملات کی تحقیقات کرائی جائیں۔

تفصیلات کے مطابق ویڈیو لنک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز نواز نے کہا کہ حکام خود کو ایوان سے بالاتر سمجھتے ہیں اور ارکان پارلیمنٹ کی متعلقہ کمیٹی کے بلانے پر بھی پیش نہیں ہوتے۔ انہوں نے بورڈ کے پانچ سالہ منصوبے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نظام میں کرکٹ اور کرکٹرز کی ترقی نہیں ہو سکتی،پی سی بی میں بھاری بھرکم تنخواہوں پر تعیناتیاں کر کے قوم کے پیسے کو ضائع کیا جا رہا ہے، پاکستان میں جواری کرکٹرز پر پابندی نہیں لگتی جبکہ دنیا بھر میں ایسے لوگوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جسٹس قیوم کی رپورٹ میں مجرم قرار پانے والے واپس آ گئے تو سابق ٹیسٹ کپتان سلیم ملک کو بھی آنا چاہیے۔ سرفراز نواز نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں دورہ انگلینڈ پر آمادگی ظاہر کرنے سے قبل انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے جوابی ٹور کا وعدہ لینا چاہئے تھا جبکہ اس ٹور پر بھاری بھرکم سپورٹنگ سٹاف کو لے جانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، یونس خان کی بطور بیٹنگ کوچ تقرری کے بعد ہیڈکوچ مصباح الحق کی بھاری تنخواہ میں کمی ہونی چاہیے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ ٹیم مینجمنٹ کے دیگر ذمہ داروں کو بھی بڑی تنخواہیں کیوں دی جارہی ہیں۔

مزید :

کھیل -