آئی سی سی کی صدارت کا معاملہ، احسان مانی نے حیران کن اعلان کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں کسی عہدے کی جانب نہیں دیکھ رہا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ویڈیو لنک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کے کچھ اراکین نے مجھے صدارت سنبھالنے کیلئے کہا تھا لیکن میرا یہ ایجنڈا نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان کے کہنے پر پاکستان کرکٹ میں واپس آیا ہوں۔
احسان مانی نے کہا کہ 2006ءمیں آئی سی سی میں بطور صدر اپنی مدت ختم ہونے کے بعد کرکٹ انتظامیہ کے ساتھ مکمل طور پر علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا اور تھوڑے عرصے کیلئے کرکٹ کے بارے میں بات کرنے سے گریز کرنے کی کوشش کی کیونکہ میں اس میدان میں واپس نہیں آنا چاہتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب 2018ءمیں عمران خان کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت تشکیل دی تو مجھے درخواست کی گئی کہ آ کر پاکستان کرکٹ کی مدد کروں، میں صرف پاکستان کیلئے واپس آیا ہوں اور میری پوری توجہ ملک میں کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کرنے پر ہے لہٰذا آئی سی سی کی صدارت میرے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر میں حائل رکاوٹوں کے حوالے سے تفصیلی بات ہوئی اور وزیراعظم کو ڈومیسٹک کرکٹ کو مستحکم کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا انگلینڈ کا دورہ کورونا کے حالات کے پیش نظر ایک بڑا چیلنج ہے لیکن اس سے ٹیم کو بین الاقوامی کرکٹ ملے گی، ہم انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی مدد بھی کرنا چاہتے ہیں۔