قصور میں انسانیت سوز واقعہ ، بیٹی کے زیادتی کا مقدمہ درج کروانے آئے باپ سے تفتیشی افسر تھانے میں کیاکام کرواتا رہا ؟سزا بھی مل گئی
قصور (ڈیلی پاکستان آن لائن )قصور میں پولیس افسر کا انتہائی انسانیت سوز رویہ ، اغواءکے بعد بیٹی کے ساتھ زیادتی کی رپورٹ درج کروانے کیلئے آنے والے باپ کو اے ایس آئی نے تھانے کی صفائی پر لگا دیا ۔عوام کا محافظ افسر بیٹی کیلئے انصاف مانگنے والے باپ سے گھنٹوں فرش دھلواتا رہا ۔
نجی ٹی وی 92 نیوز کی رپورٹ کے مطابق چند روز قبل قصور کی رہائشی 16 سالہ نوجوان لڑکی ” س“ کو اغواءکر لیا گیا تھاجس دوران اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ، واقعہ کا مقدمہ تھانہ منڈی عثمان والہ میں درج ہے ، جہاں ملزمان کی گرفتار ی کیلئے لڑکی کا باپ مسلسل چکر لگارہاہے اور تفتیشی افسر اے ایس آئی عرفان کو بھاری رشوت بھی کھلا چکا ہے لیکن وہ مسلسل کرسی توڑنے کے علاوہ کچھ کرنے کیلئے تیار نہیں ، بیٹی کیلئے انصاف مانگنے آنے والے باپ کو عرفان نے تھانے میں اپنے کمرے کے فرش کو دھونے پر لگا دیا ، مجبور باپ پولیس افسر کو خوش کرنے کیلئے یہ بھی کر گزرا لیکن اس سارے معاملے کی ویڈیو بن گئی جو کہ اے ایس آئی عرفان کی حقیقت کھول کر سامنے لے آئی ۔ویڈیو سامنے آنے پر ڈی پی او قصور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس آئی عرفان کو معطل کر دیا ہے اور انکوائری کا حکم جاری کر دیاہے ۔