خیبرپختونخوا میں ملکی سطح پر تیار کردہ پاک ویک ویکسین لگانے کا آغاز
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبرپختونخوا میں ملکی سطح پر تیار کردہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین ’پاک ویک‘ لگانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاک ویک ویکسین 270 شہریوں کو لگائی گئی۔ صوبے میں اس سے قبل سائنو فارم، سائنو ویک، کین سائنو اور اسٹرازینیکا ویکسین لگائی جا رہی ہیں،پاک ویک ویکسین صرف ایک ڈوز پر مشتمل ہے۔
محکمہ صحت سے جاری رپورٹ کے مطابق صوبے میں گزشتہ روز مجموعی طور پر 66 ہزار 800 افراد کی کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کی گئی۔ اس طرح صوبے میں 3 لاکھ 80 ہزار شہریوں کی کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں مجموعی طور پر 15 لاکھ 80 ہزار سے زائد ویکسینز لگائی جا چکی ہیں۔