محکمانہ تعمیر و ترقی کو یقینی بنائیں گے،مفتی رمضان سیالوی
لاہور(فلم رپورٹر) ایوانِ اوقاف میں سینئر علماء و خطباء اوقاف نے صوبائی خطباء اوقاف مفتی محمد رمضان سیالوی اور مولانا فتح محمد راشدی کی سربراہی میں سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب نبیل جاوید اور ڈائریکٹرجنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہررضا بخاری سے ملاقات کی۔ سیکرٹری اوقاف اور ڈائریکٹر جنرل اوقاف نے اس موقع پر کہا کہ محکمانہ تعمیر و ترقی کو یقینی بنائیں گے، اوقاف ملازمین کی ویلفیئر اوّلین ترجیح ہے۔ مزارات و مساجد میں ”سروس ڈلیوری“کا پھرپور اہتمام ہوگا۔ استحکام وطن کے لئے محراب و منبر کو مزید مستعد اور پْر عزم کریں گے۔ آئمہ /خطباء سمیت تمام ملازمین کی ترقی کا اہتمام ہوگا۔
اس موقع پر علماء کے وفد نے سیکرٹری اوقاف کا منصب سنبھالنے پر نبیل جاوید کو مبارک باد دی اورپہلے مرحلے میں سکیل نمبر 12 کے سینئر خطباء کے کنٹریکٹ کی ملازمت کو ریگولر کئے جانے پر، ان کا شکریہ ادا کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اوقاف نے کہا کہ ریگولر ائزیشن کا یہ عمل بتدریج آگے بڑھتا رہے گا اور ایسے تمام کنٹریکٹ ملازمین جو مطلوبہ شرائط کے حامل ہیں، کو ریگولر کرنے کا عمل تیز سے تیز تر کردیا جائے گا۔