حکومت کی کسی پالیسی میں تسلسل نظر نہیں آرہا،ہمایو ں اختر

حکومت کی کسی پالیسی میں تسلسل نظر نہیں آرہا،ہمایو ں اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کسی بھی پالیسی میں کوئی تسلسل نظر نہیں آہا، رجیم چینج کا تجربہ واضح طور پر ناکام ہو رہاہے جس کا خمیازہ بائیس کروڑ عوام بھگت رہے ہیں،نام نہاد تجربہ کار حکمرانوں کے دوماہ میں ملک نے ترقی تو نہیں کی البتہ مہنگائی اور تباہی دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر رہی ہے،عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ایک روز قبل وزیر اعظم پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو مسترد کرتے ہیں جبکہ دوسرے دن حکومت کی طرف سے رات کے اندھیرے میں عوام پر پیٹرول بم گرا دیا جاتا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ہمایوں اخترخان نے کہا کہ حکومت کی دو ماہ کی کارکردگی سے عوام کو بخوبی اندازہ ہو گیا ہے کہ درجنوں جماعتوں پر مشتمل حکمران اتحاد کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے۔ ہمارے دورمیں بھی ملک عالمی مہنگائی کے نرغے میں تھا لیکن عمران خان نے اپنے لوگوں کو اس کے منفی اثرت سے بچانے کیلئے پالیسیاں بنائیں۔ آ ج جب تین سے چھ دہائیاں اقتدار میں رہنے والے نام نہاد تجربہ کار حکومت میں آئے ہیں تو عوام کیلئے زندگی گزارنا محال ہو گیا ہے۔ امپورٹڈحکمران اپنی ناکامی اور غلط پالیسیوں کے نتائج کو تحریک انصاف کی حکومت کے کاندھوں پر ڈالنا چاہتے ہیں لیکن عوام با شعور ہیں اور وہ اس بیانیے کو مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ہر شعبہ ترقی کر رہا تھا جس سے عوام کی آمدن میں بھی اضافہ ہو اتھا جبکہ موجودہ حالات میں نہ صرف عوام کی آمدن میں کمی ہوئی ہے بلکہ مہنگائی کی شرح میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے جس سے ان کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل صرف شفاف انتخابات ہیں اس لئے حکمران ملک کو مزید مشکلات سے دوچار کرنے کی بجائے اپنی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے نئے انتخابات کا اعلا ن کریں اور عوام بہترین منصف ہیں جو ملک و قوم کے مستقبل کیلئے اپنے ووٹ کا درست استعمال کریں گے۔