خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل، سردار مسعود خان 

  خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل، سردار مسعود خان 

  

واشنگٹن (این این آئی) امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہاہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی دعوت پر ”ایکسیلیٹر پروگرام برائے کاروباری خواتین“ کے تحت امریکہ کے دورے پر آئی ہوئیں سات کامیاب پاکستانی کاروباری خواتین کے وفد نے سفارتخانہ پاکستان میں پاکستانی سفیر مسعود خان سے ملاقات کی۔سفیر پاکستان نے کاروباری خواتین کے وفد کا استقبال کیا اورانہیں بریفنگ دی۔ پاکستانی خواتین سے خطاب کرتے ہوئے، سفیر پاکستان نے کہا کہ اس طرح کے تبادلے نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کرنے اور نئی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی خواتین کی زیر قیادت انٹرپرائزز متاثرکن کردار ادا کر رہی ہیں۔ سفیر نے کہاکہ امریکی ٹیک مارکیٹ پاکستانی کاروباری خواتین کیلئے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستانی کاروباری خواتین کے دورے سے نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں بھی بہتری آئے گی،سفیر پاکستان مسعود خان نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکی ترقیاتی اداروں کیساتھ ساتھ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ذریعے پاکستانی نجی شعبے کیلئے بہت سے مواقع پیدا ہو رہے ہیں سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستانی کاروباری خواتین کو مختلف مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے جن میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مائیکرو فنانس اور خواتین کی زیر قیادت انٹرپرائزز پروجیکٹ دستیاب ہیں۔ایکسیلیٹر پروگرام برائے کاروباری خواتین“ کا مقصد تربیت، نیٹ ورکنگ کے مواقع اور عالمی سرمایہ کاروں اور وینچر کیپیٹلسٹ تک رسائی فراہم کرناہے۔

سردار مسعود خان

مزید :

صفحہ آخر -