پرویز مشرف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گوہ ہیں‘ایمل ولی 

  پرویز مشرف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گوہ ہیں‘ایمل ولی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف ہو یا کوئی اور، آئین پاکستان کے تحت ہی ڈیل کیا جائے۔ انکی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں لیکن اس ملک میں ہماری نعشوں کو بھی قید کیا گیا۔اگر کوئی خود کو پاکستان کا شہری سمجھتا ہے تو وہ قانون اور آئین سے کبھی نہیں بھاگے گا۔سابق صدر پرویزمشرف کی وطن واپسی کے حوالے سے جاری رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے میں عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ہم اگر پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں تو یہی آئین، پارلیمنٹ کی بالادستی اور قانون ہی اسکی ضمانت ہے۔1973 آئین واحد دستاویز ہے جس پر پورا پاکستان متفق ہے۔پاکستان کے تمام شہریوں نے اس آئین کا ا حترام کیا ہے اور اسی کے تحت تمام اداروں کو اختیار اور قدر حاصل ہے۔اسی آئین کو بنانے اور تسلسل قائم رکھنے کیلئے سیاسی جماعتوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔اسی آئین کیلئے ایک وزیراعظم کو پھانسی دی گئی، کئی وزرائے اعظم کو منصب سے ہٹایا گیا۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ اسی آئین کو بچانے کی وجہ سے پاکستان کے کسی وزیراعظم نے اپنی آئینی مدت پوری نہیں کی۔اسی متفقہ دستاویز کو بچانے کیلئے اے این پی کے قائدین نے بالخصوص اور دیگر جماعتوں کے رہنماں نے بالعموم جلاوطنیاں برداشت کیں۔تمام تر مصیبتوں اور مشکلات کے باوجود ہم پاکستان اور آئین پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔عوامی نیشنل پارٹی نے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اس ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ اے این پی کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ آئین سے بالاتر کوئی نہیں، وہ فرد واحد ہو یا کوئی ادارہ۔کسی فردواحد یا مخصوص ادارے کی مرضی سے اس ملک کو نہیں چلایا جاسکتا۔اس ملک میں جو بھی فیصلے ہوں گے وہ آئین اور قانون کے رو سے ہوں گے، یہی واحد راستہ ہے۔آئین پاکستان ہر شہری کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے اور اسی آئین کے تحت ہر شہری سے سوال کا حق حاصل ہے۔کسی پاکستانی شہری کو ملک آنے سے کوئی نہیں روک سکتا لیکن وہ شہری بھی آئین و قانون کو مانے گا اور اس پر عمل کرنے کا پابند ہوگا۔