قائمقام گورنر مشتاق غنی کے زیر صدارت ایڈورڈز کالج کے بورڈآف گورنر ز کا اجلاس

قائمقام گورنر مشتاق غنی کے زیر صدارت ایڈورڈز کالج کے بورڈآف گورنر ز کا اجلاس

  

     پشاور (سٹاف رپورٹر)قائمقام گورنرخیبرپختونخوا مشتاق احمدغنی کی زیرصدارت جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاور میں ایڈورڈز کالج کے 11ویں بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر اعلٰی تعلیم کامران بنگش بھی شریک تھے۔اجلاس میں ایڈورڈز کالج کے مالی سال 2022-23 کا سالانہ بجٹ منظوری کیلئے پیش کیا گیا۔بورڈ آف گورنرز اجلاس کو مذکورہ کالج کے سالانہ بجٹ 2022-23 اور موجودہ بجٹ کی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس کو ایڈورڈز کالج کی آمدن، وسائل، داخلوں کی صورتحال، پنشن فنڈ، انڈونمنٹ فنڈ سمیت دیگر مالی اکاؤنٹس کی صورتحال سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کی گئیں۔ بورڈ آف گورنرز اجلاس میں ایڈورڈز کالج کا سالانہ بجٹ 2022-23 متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔اجلاس میں ایڈورڈز کالج کے وائس پرنسپل کی تعیناتی سے متعلق3رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔صوبائی وزیربرائے اعلٰی تعلیم کامران بنگش کی سربراہی میں قائم ہونیوالی کمیٹی میں سیکرٹری محکمہ اعلٰی تعلیم اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف پشاور شامل ہیں۔کمیٹی وائس پرنسپل کی تعیناتی کیلئے مطلوبہ معیار و اہلیت پر پورا اترنے والے امیدوارکا نام فائنل کر کے چیئرمین بورڈ آف گورنرزکو پیش کرے گی۔علاوہ ازیں اجلاس میں بشپ پشاور کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایڈورڈز کالج کے مستقل پرنسپل کی تعیناتی کیلئے ڈائیوسز لاہور سے5 امیدواروں کے نام کا پینل بھی جلد از جلد منگوائیں۔اجلاس میں بشپ پشاور ہمفرے سرفراز پیٹر، سیکرٹری محکمہ اعلٰی تعلیم داؤد خان، کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود، ایڈیشنل سیکرٹری برائے گورنر سیف الاسلام، وائس چانسلر یونیورسٹی آف پشاور پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس، پراجیکٹ ڈائریکٹر پاک اسٹریا فحاشولے انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز ہری پور، چیئرمین فنانس کمیٹی ایڈورڈز کالج ڈاکٹر ناصر حسین سمیت بورڈ کے دیگر اراکین شامل تھے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -