بونیر میں فوڈ اتھارٹی کے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح
پشاور(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر بونیر نصراللہ خان نے کہا ہے کہ صوبے میں محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی میں خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کا کردار قابل ستائش ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بونیر میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر بونیر کا کہنا تھا کہ جدید موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے ضلع میں خوراک کا معیار جانچنے میں مدد ملے گی، جس سے ملاوٹ اور غیر معیاری اشیا خوردنوش کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد بلال نے ڈپٹی کمشنر کو موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے حوالے سے بریفنگ فراہم کی،ان کا کہنا تھا کہ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے 20 سے زائد اشیاخوردنوش کے ٹیسٹ کئے جاسکتے ہیں، جن کے نتائج چند منٹوں میں حاصل ہوجاتے ہیں، محمد بلال کا کہنا تھا کہ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے روزمرہ میں استعمال ہونے والی اشیا خوردنوش جیساکہ دودھ، گھی، خوردنی تیل، مصالحہ جات، چائے اور مشروبات سمیت دیگر اشیاخوردنوش کے ٹیسٹ موقع پر کئے جاتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر بونیر نے فوڈ سیفٹی ٹیم کو ضلع بونیر میں اشیا خوردنوش کا معیار یقینی بنانے کے لئے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا استعمال تواتر سے کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بونیر میں شہریوں تک معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور انہیں اس نیک کام میں ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جائیگا۔\