ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے زیادہ سکور کرنے والے انگلینڈ نے نیدرلینڈز کو 232 رنز سے شکست دے دی
ایمسٹر ڈیم (ڈیلی پاکستان آن لائن) ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے زیادہ سکور بنانے والی انگلینڈ کی ٹیم نے نیدر لینڈز کو 232 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
انگلینڈ کے 499 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ناتجربہ کار ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا اور گیم کو آخری اوور تک لے گئی تاہم تاریخی ہدف کو حاصل نہ کرپائی۔ نیدرلینڈز کی ٹیم 49.4 اوورز میں 266 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ نیدرلینڈز کی طرف سے وکٹ کیپر سکاٹ ایڈورڈز 72 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ اوپنر میکس او ڈوڈ نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائے جب کہ ڈیوڈ ولی، ریک ٹوپلی اور سیم کرن نے دو دو شکار کیے۔ انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ بنایا تھا۔ انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 498 رنز بنا کر اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے قبل بھی انگلینڈ کے پاس ہی سب سے زیادہ 481 رنز بنانے کا ریکارڈ تھا۔
نیدر لینڈز کے میچ میں انگلینڈ کے تین کھلاڑیوں نے سنچریاں سکور کیں۔ جوس بٹلر 162 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ ڈیوڈ ملان نے 125 اور فل سالٹ نے 122 رنز سکور کیے۔ علاوہ ازیں لیام لونگ سٹون 66 رنز بنا کر نمایاں رہے۔