نگران سیٹ اپ کے لیے مشاورت جاری،19مارچ کو اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس گورنر کو بھجوادیں گے:اسلم رئیسانی
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے کہا ہے کہ نگراں سیٹ اپ کیلئے تمام اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا عمل جاری ہے اور 19 مارچ کو بلوچستان اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس گورنر کو بھجوادیں گے۔میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میںانہوں نے کہاکہ ان کی حکومت کو امن وامان کی صورتحال کا بہانہ بناکر ختم کیا گیا۔ گوادر پورٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ کا انتظام بلوچستان حکومت کی مرضی کے خلاف چین کے حوالے کیاگیا۔گوادر پورٹ اتھارٹی کا چیئرمین وزیراعلیٰ بلوچستان کو ہونا چاہئے تھا اور 18ویں ترمیم کے بعد گوادر پورٹ کا اختیار بھی صوبے کا ہونا چاہئے جبکہ میر ی حکومت کو برطرف کرکے اب ریکوڈک کا سودا کیاجارہا ہے۔