انتخابات کے دن حساس پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات ہوگی:روشن عیسائی
حیدر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان سندھ کے رکن جسٹس (ر) روشن عیسانی نے کہاہے کہ چیف آف آرمی سٹاف نے انتخابات کے دوران ہر قسم کے قانونی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انتخابات کے دن حساس پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات ہوگی، آئندہ انتخابات میں ریٹرنگ آفیسر اتنے بااختیارہوں گے جتنے ماضی میں کبھی نہ تھے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حساس پولنگ اسٹیشنوں کی نشاندہی کا کام جاری ہے، اس سلسلے میں پاک آرمی، ایف سی اور رینجرز کا تعاون بھی رہے گا۔ تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کی سربراہی میں کوآرڈی نیشن کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں جو شکایات کا فوری ازالہ کریں گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے 13 اضلاع میں ریٹرنگ آفیسر زکا تقرر کر دیا گیا ہے، ماضی میں ریٹرننگ آفیسر اتنے بااختیار نہیں ہوتے تھے جتنے اب ہیں۔ الیکشن کسی بھی وقت ہوں الیکشن کمیشن انتخابات کرانے کے قابل ہیں۔