ورلڈٹی ٹوئنٹی میں اجمل اور آفریدی ٹرمپ کارڈ ثابت ہونگے،مصباح الحق
ملتان(خصوصی رپورٹ ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ورلڈ ٹی20 میں سعید اجمل اور شاہد آفریدی گرین شرٹس ٹیم کے اہم مہرے ثابت ہونگے، شعیب ملک اور کامران اکمل کی شمولیت سے اسکواڈ مزید مضبوط ہوگیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں سعید اجمل اور شاہد آفریدی ٹرمپ کارڈ ثابت ہوں گے، شعیب ملک اور کامران اکمل کی شمولیت اسکواڈ کو مزید مضبوط بنائے گی۔مصباح نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستان کی بیٹنگ انتہائی شاندار رہی امید ہے کہ بیٹسمین ورلڈ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے، ہمارے بیٹسمین تو بھرپور فارم میں ہیں لیکن بولرزکو زیادہ محنت کرنا پڑے گی۔بنگلہ دیش کی وکٹیں اسپنرز کیلیے زیادہ سازگار ہوتی ہیں،پاکستان ٹیم خوش قسمت ہے کہ اسے سعید اجمل اور شاہدآفریدی جیسے ورلڈ کلاس سلو بولرز کی خدمات حاصل ہیں، دونوں کے ہمراہ انتہائی باصلاحیت اسپنر ذوالفقار بابر بھی موجود ہیں، مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان کے گروپ میں بھارت، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی شامل ہیں اس لیے انتہائی سخت مقابلے ہونگے، تینوں سائیڈز کو زیر کرنے کیلیے جہاں بولرز کو بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنا پڑے گا وہیں فیلڈرز کو بھی جان لڑانا ہوگی۔ 2015ء4 ورلڈکپ کے حوالے سے کپتان کا کہنا ہے کہ ہماری تیاری اچھی جا رہی ہے، اگر یہی ٹیم رہی اور جیت کا تسلسل برقرار رہا تو ہم ایک بار پھر فیورٹ کی حیثیت سے شریک ہونگے۔
