ٹی 20 ورلڈکپ بنگلا دیش نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

ٹی 20 ورلڈکپ بنگلا دیش نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 میر پور (آئی این پی )آئی سی سی کے پانچویں عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ کا میزبان بنگلہ دیش کی طرف سے شاندار آغاز ، افتتاحی میچ میں افغانستان کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دیدی ، بنگلہ دیش نے افغانستان کی طرف سے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیئے گئے 73 رنز کے ہدف بآسانی 12 اوورز میں حاصل کرلیا ، بنگلہ دیش کے انعام الحق 44 رنز اور شکیب الحسن 3 وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے ، شکیب الحسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں بنگلہ دیشی شائقین کرکٹ کی زبردست دلچسپی ، پورا سٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہوا تھا ۔ اتوار کو شیر بنگلہ سٹیڈیم میر پور میں میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو افغان بلے باز ناکام رہے اور پوری ٹیم 18ویں اوور میں 72 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔جواب میں بنگلہ دیشی بلے بازوں نے آغاز سے جارحانہ انداز اپنایا اور مقررہ ہدف 12ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔اوپنر انعام الحق 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آؤٹ ہونے والے واحد بنگلہ دیشی بلے باز تمیم اقبال تھے جو 21 رنز بنا کر سمیع اللہ شنواری کی وکٹ بنے۔اس سے قبل افغانستان کو میچ کی پہلی ہی گیند پر اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب محمد شہزاد مشرفِ مرتضی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔دوسری وکٹ کے لیے نجیب ترکئی اور گلبدین نائب کے درمیان 36 رنز کی شراکت ہوئی۔تاہم اس موقع پر افغانستان کو یکے بعد دیگرے تین وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ پہلے شکیب الحسن نے گلبدین اور نجیب کو لگاتار دو گیندوں پر آؤٹ کیا اور پھر اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر نوروز منگل رن آؤٹ ہوگئے۔کپتان محمد نبی آؤٹ ہونے والے پانچویں افغان بلے باز تھے جو تین رنز ہی بنا سکے اور عبدالرزاق کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔بعد میں آنے والے افغان بلے بازوں میں سے کوئی بھی وکٹ پر زیادہ دیر ٹھہرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا اور پوری ٹیم 18ویں اوور میں پویلین لوٹ گئی۔بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے تین، عبدالرزاق نے دو جبکہ فرہاد رضا، مشرفی مرتضیٰ اور محمود اللہ نے ایک۔ایک وکٹ لی ہے۔