یکم اپریل سے پٹرول کی قیمتیں کم کر دی جائیں گی،اسحٰق ڈار
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ہماری پرفارمنس کی وجہ سے گھبرا گئے اور بونگیاں مار رہے ہیں۔ شیخ صاحب کو غلط فہمی ہوئی ہے۔ ڈالر 97 روپے 50 پیسے کا بھی بکا ہے۔ شیخ رشید سمیت دیگر اپوزیشن اراکین مایوسی پھیلا رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ''یکم اپریل سے پٹرول کی قیمتیں کم کر دی جائیں گی''۔ اس سے قبل اسلام آباد میں قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دوست ممالک نے پاکستان کے ترقیاتی فنڈ کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالرز کا تحفہ غیر مشروط طور پر دیا ہے۔ پاکستان کو ملنے والے ڈیڑھ ارب ڈالرز دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کے عوام کے لیے ''تحفہ'' ہے۔ یہ رقم نہ تو قرضہ ہے اور نہ ہی پاکستان کی جانب سے کسی خدمات کے عوض دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ موجودہ مالی سال کے آٹھ ابتدائی مہینوں میں پاکستانی معیشت میں بہتری آئی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق انھوں نے کہا کہ یہ رقوم مختلف ترقیاتی کاموں کے لیے استعمال کی جائے گی جس میں تونائی کے منصوبے، بنیادی ڈھانچہ، ریلوے اور دیگر مواصلاتی نظام شامل ہیں
