عمران خان کی بہن علیمہ خان کا دورہ دبئی، یوم پاکستان اور پارٹی معاملات پر گفت و شنید
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان تحریک انصاف کے بانی و قائد عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے گزشتہ روز دبئی کا دورہ کیا۔ ان کے اہتمام میں پاکستان تحریک انصاف دبئی اور پاک خیبرونگ نے مشترکہ طور پر ایک عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں محمد شاہد خان، حمید خان خٹک، محمد شریف آفریدی، سعید خان، شاہ سوار خان، عبدالباری، سہیل خان، چودھری عبیداللہ، عاطف شیخ، اعجاز خان، سید عمران اکبر، ایاز خان، وقار احمد، محمد حسین، عبدالحمید بنگش، حاجی میر حسن، اکرم خان، قاری اسلم، عبدالرحمن، سعدیہ ہما، ثمینہ مظفر اور دیگر نے شرکت کی۔
تقریب کی مہمان خصوصی علیمہ خان کا استقبال پھولوں کے گلدستوں سے کیا گیا۔ اس موقع پر علیمہ خان نے شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم انسان کو آگہی فراہم کرتی ہے، اگر ہمیں آگے بڑھنا ہے تو تعلیم کو عام کرنا ہوگا۔ اس مقصد کے لئے خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والے لوگوں کو آگے آنا چاہیے۔ علیمہ خان نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے بھی پاکستانی قومی کو تعلیمی میدان میں دلچسپی لینے اور آگے آنے کو کہا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں دیگر اقوام عالم کا مقابلہ کرنا ہے تو ہر شعبہ میں تعلیم حاصل کرنی ہے اور تعلیمی میدان میں کامیابیاں حاصل کرنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودار پر عمل کرنا چاہیے۔ اسی تقریب میں 23 مارچ 2018ءکو شایان شان طریقے سے یوم پاکستان منانے کے لئے بھی مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ پی ٹی آئی دبئی اور پاک خیبر ونگ نے اعلان کیا کہ وہ مشترکہ طور پر یوم پاکستان بھرپور طریقے سے منائیں گے جس سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔