میں جب کراچی آتا ہوں توباتھ آئی لینڈ میں قیام کرتا ہوں ،گزشتہ رات میں مچھر مارتا رہا، چیف جسٹس کے صاف پانی سے متعلق کیس میں ریمارکس
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں صاف پانی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں جب کراچی آتاہوں تو باتھ آئی لینڈ میں قیام کرتا ہوں،گزشتہ رات جب کراچی آیا تو ساری رات باتھ آئی لینڈمیں مچھرمارتارہا،ان کا کہناتھا کہ جس مچھرکومارتاہوں اس میں خون بھراہوتاتھا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے صاف پانی سے متعلق کیس کی سماعت کی،شہری خاتون نے عدالت کو بتایا کہ کثیرالمنزلہ عمارتوں میں سیوریج اورپانی کاکوئی نظام نہیں۔
میئر کراچی نے عدالت کو بتایا کہ شہر کے نالے بندہیں اورہر طرف کچرے کے ڈھیرہیں،شہرکابراحال ہے،ان کا کہناتھا کہ شہرمیں کتوں کی بھرمارہے،شہری اپنی مدد آپ کے تحت کتوں کو ٹھکانے لگا رہے ہیں۔
اس پر جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ یہ کام توکے ایم سی کا ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ ملازمین کے ایم سی کے اورٹھیکہ چائنیزکمپنی کودے رہے ہیں۔
چیف سیکرٹری سندھ نے عدالت کو بتایا کہ کراچی میں ایسی سڑکیں بھی ہیں جن پر 6 ماہ سے جھاڑوتک نہیں لگی،صورتحال کوتسلیم کرتے ہیں مگراب بہتری آرہی ہے،چیف سیکرٹری نے کہا کہ جسٹس( ر)امیرہانی مسلم گواہ ہیں صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔