بھارت میں پہلی مرتبہ گائے تحفظ گروپ کے 11 افراد پر قتل کی فرد جرم عائد
نئی دہلی(این این آئی)بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں ایک مقامی عدالت نے مبینہ گائے محافظوں کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت کے مقدمے میں تمام 11 ملزموں کو قصور وار ٹہرا دیا ہے۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق اس قسم کے واقعات میں حملہ آوروں کو قصور وار ٹھہرائے جانے کا یہ پہلا موقع ہے۔ ملزموں میں سے ایک بی جے پی لیڈر بھی ہے۔ ملزموں کو قتل اور سازش کی دفعات کے تحت قصور وار پایا گیا۔صفائی کے وکلا نے عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال 29 جون کو جھارکھنڈ کے ایک قصبے رام گڑھ میں خود ساختہ گائے محافظوں کے ایک ہجوم نے علیم الدین عرف اصغر انصاری پر بیف(گائے یا بیل کا گوشت) لے جانے کے الزام میں حملہ کیا تھا اور اسے تشدد کر کے ہلاک کر دیا تھا۔تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر علیم الدین کو حملہ آوروں کے نرغے سے نکال کر اسپتال پہنچایا لیکن تب تک ان کی موت ہو چکی تھی۔