سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ پی ٹی آئی کا حق ہے: فواد چوہدری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سینیٹ میںقائد حزب اختلاف کا عہدہ پی ٹی آئی کاحق ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شریف خاندان پر فرد جرم عائد ہونے جا رہی ہے، نواز شریف نے بیٹوں کو لندن میں چھپا کر بیٹی سے سیاست شروع کروا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹرشیری رحمان کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو لکھا گیا خط کیلیبری پارٹ ٹو ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ انکی جماعت کا حق ہے۔ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے نگران وزیراعظم کے انتخاب کیلئے نام مانگے ہیں۔ اس عمل میں بھرپور حصہ لیں گے، شیخ رشید اچھے عبوری وزیراعظم ثابت ہوسکتے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں 900 ارب روپے خرچ کردیئے لیکن صوبے میں تعلیم و صحت کی خستہ حال صورت حال سب کے سامنے ہے، پنجاب میں ترقیاتی کام صرف اخباروں میں نظر آتے ہیں، اگر پنجاب میں پیسہ انسانوں پر خرچ کیا جاتا تو کچھ نظر آتا، پنجاب میں پولیس یونیفارم کو تبدیل کرنے کا عجیب و غریب فیصلہ کیا گیا،پولیس کے بیجز اور بیلٹس پر 24 کروڑ روپے خرچ کئے گئے، نئی وردی کے لئے 8 لاکھ میٹر کپڑا خریدا گیا اور اب دوبارہ پرانی وردیوں کو بحال کیا جا رہا ہے، سستی روٹی سکیم میں 40 ارب روپے خرچ کردیئے گئے، جس کا کوئی آڈٹ نہیں ہوا، آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں احد چیمہ کی گرفتاری بھی بدعنوانی کی ایک نئی کہانی ہے، دانش سکولز پر اربوں روپے ضائع کئے گئے، پیلی ٹیکسی سکیم بھی بند ہو گئی، لیپ ٹاپ اسکیم پر اربوں روپے ضائع کئے گئے، ان تمام منصوبوں کی تحقیقات آج تک نہیں ہوسکیں۔تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے مقدمات اختتام کی جانب گامزن ہیں، شریف خاندان نے لندن میں املاک کو تسلیم کیا ہے، حسن نواز نے بھی 16کمپنیوں کی ملکیت کا اعتراف کیا ہے، جس میں 300ارب روپے منتقل ہوئے،ان تمام الزامات کو شریف خاندان تسلیم کرچکی ہے تو اب نیب کیا ثابت کرے گی، شریف خاندان پر فرد جرم عائد ہونے جا رہی ہے، نواز شریف نے بیٹوں کو لندن میں چھپا کر بیٹی سے سیاست شروع کروا دی ہے