جرمنی میں رہائش پذیر مسلمان ملک کا حصہ ہیں: انجیلا میرکل
برلن (ا ے این این)جرمن چانسلر نے کہا ہے کہ جرمنی میں رہائش پذیر مسلمان اور ان کا مذہب اسلام دونوں جرمنی کا حصہ ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق انجیلا میرکل کا یہ بیان جرمنی کے وزیر داخلہ کے حالیہ مسلم مخالف بیان کے بعد دیا گیا ہے۔ جرمن وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے والے قدامت پسند سیاستدان ہورسٹ زیہوفر نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ اسلام جرمن ثقافت کا حصہ نہیں ہے۔سیاسی مبصرین نے اس بیان پر خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرمنی کی نئی حکومت دائیں بازو کی سیاست کی طرف مائل ہو سکتی ہے لیکن میرکل نے جواب میں کہا کہ جرمنی میں 40 لاکھ مسلمان اور ان کا مذہب اس ملک کا اہم حصہ ہیں ۔ ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے کہ مختلف مذاہب کے ماننے والوں میں ہم آہنگی پیدا کی جائے۔