میگاایونٹ پی ایس ایل فائنل کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں :سید مراد علی شاہ
کراچی(آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ یہ کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے پی ایس ایل فورا جیسا بڑا میگا ایونٹ منعقد ہورہا ہے،اس لئے فائنل میچ کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں ۔
انہوں نے یہ بات وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، کمشنر کراچی افتخار شہلوانی، ڈی سی ایسٹ احمد علی صدیقی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ضلعی انتظامیہ، ضلع شرقی پر بہت بڑی ذمہ داری تھی کیونکہ سٹیڈیم ان کے ضلع میں واقع ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام سوک ایجنسیوں کو ایک پیج پر لاکر ان سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ کے ایم سی ، ڈی ایم سی ، ایس ایس ڈبلیو ایم بی ، کے الیکٹرک ، ٹی سی ایس اور دیگر کے کوآرڈینیشن اجلاس منعقد کیے گئے تاکہ تمام محکموں کو یہ بتایا جائے کہ ایونٹ کے دوران ان کا کیا کیا کردار ہوگا۔ اس عرصے کے دوران نیشنل سٹیڈیم کے متعدد دورے کیے گئے تاکہ وہاں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کیا جاسکے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے 5 مرتبہ نیشنل سٹیڈیم کا ذاتی طور پر دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔نیشنل سٹیڈیم کے اطراف سے ملبہ و دیگر کو ہٹایا گیا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ نہ صرف سبزے کے ذریعے بلکہ مختلف لائٹوں اور رنگے برنگے قمقموں،بینرز ، تصاویر کے ذریعے پورے علاقے کو خوبصورت بنایاگیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے بہتر ین انتظامات کیے اور بہترین سلوگن’’آئی لو کرکٹ ‘‘ اور’’ کراچی دی کرکٹ سٹی‘‘ منتخب کیے۔ اس کے علاوہ بھی مختلف انتظامات کیے گئے ، شہر کے مختلف چورنگیوں اور راؤنڈ اباؤٹ پر کھلاڑیوں کی بڑی بڑی تصاویر آویزاں کی گئیں۔ اس کے علاوہ تمام بہترین مقامات جن میں دو تلوار، تین تلوار، کارساز ، شاہراہ فیصل ، کورنگی روڈ، یونیورسٹی روڈ اور نیشنل سٹیڈیم کے اطراف میں خصوصی لائٹنگ اور ساؤنڈ سسٹم نصب کیے گئے۔ اس کے علاوہ کرکٹ اور پی ایس ایل کو کراچی میں خوش آمدید کہنے کے لیے ڈیجیٹل سٹریمر نصب کیے گئے اور شہر کی خوبصورتی کے لیے پینا فلیکس، بورڈ ز اور جھنڈیاں لگائی گئیں اور مختلف مقامات بشمول ایکسپو ٹرائنگل میں میوزیکل شوز اور رات میں مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیاگیا۔نیشنل سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے 6 مقامات ایکسپو سینٹر، حکیم سعید گراؤنڈ ،غریب نواز فٹبال گراؤنڈ، منگل بازار گراؤنڈ، وفاقی اردو سائنس یونیورسٹی اور نیشنل کوچنگ سینٹر(وی ا?ئی پی پارکنگ) میں پارکنگ لاٹس کا بندوبست کیاگیا۔
پی ایس ایل میں جوش و خروش میں اضافے کے لیے ہر ایک پارکنگ لاٹ کو کراچی آنے والی مختلف ٹیموں کا نام دیاگیا،ا ن تمام پارکنگ لاٹس میں متعدد سہولیات فراہم کی گئیں جو کہ حسب ذیل ہیں؛موبائل واش روم سہولیات۔واک تھرو گیٹس جو کہ شیڈ سیڈھکے ہوئے تھے۔شٹلز کے لیے انتظار کرنے والے لوگوں کے لیے ٹینٹس اور شیڈز۔میڈیکل کیمپس،فرسٹ ایڈ بوتھ،پیرامیڈیکل اسٹاف۔خاطر خواہ ایلومینیشن۔ڈرائیوروں کی سہولت کے لیے پارکنگ مارکنگ۔50۔40 عشرس اور پارکنگ منیجرس۔سائنیج اینڈ ڈائریکشن۔شائقین کے لیے سیلفی بوتھ اور آٹو گراف بوتھ ،سیکوریٹی بوتھ کے ذریعے 24 گھنٹے سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ نگرانی۔شائقین کی سہولت کے لیے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں اہلکاروں کے ساتھ انفارمیشن بوتھ۔ٹیموں اور ڈرائیوں کے لیے کولڈ ڈرنک ، فوڈ ، مشروبات اور دیگر اشیاء کی دستیابی۔نیشنل اسٹیڈیم تک لانے اور واپس لے جانے کے لیے شائقین کو شٹل سروس کی فراہمی۔ایک شٹل سروس ایکسپو سینٹر کے اندر بھی آپریشنل تھی جوکہ ایک گیٹ سے دوسرے گیٹ تک بزرگ شہریوں ، بچوں اور معذور افراد کو لانے اور لے جانے کے لیے تھیں۔پارکنگ لاٹ میں عوام، ڈرائیوروں اور دیگر کے لیے میچ دیکھنے کے لیے ایس ایم ڈی سکرین خصوصی ساؤنڈ سسٹم کے ساتھ نصب کی گئیں۔پارکنگ لاٹس کے اندر لوگوں کو میچ دیکھنے کے لیے مرکیوزکرسیاں فراہم کی گئیں۔ ہر ایک پارکنگ لاٹس ایمبولینس کی سہولت اور اس کے علاوہ سٹیڈیم میں مجموعی طورپر صفائی کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں انتظامات کیے تھے۔ ضلعی انتظامیہ نے فائنل میچ کے اختتام پر آتش بازی کابھی اہتمام کیا ہے۔