مساجد میں دہشتگردی انسانیت کے نام پر بد نما دھبہ ہے،حافظ ادریس

مساجد میں دہشتگردی انسانیت کے نام پر بد نما دھبہ ہے،حافظ ادریس

لاہور( نمائندہ خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ عالم کفر کی درندگی کا سبب اسلامو فوبیا اور اسلام دشمنی ہے ۔ نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں نماز جمعہ کے دوران کی جانے والی دہشتگردی انسانیت کے نام پر بدنما دھبہ ہے ۔ المیہ یہ ہے کہ غیر مسلم دہشتگرد جب بھی کوئی درندگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو تہذیب حاضر کے علمبردار اسے معمول کا واقعہ یا ذہنی مرض کا نام دے دیتے ہیں ۔ دہشتگردی کو مسلمانوں سے منسوب کرنے کا شرمناک عمل بھی اتنا ہی قابل مذمت ہے جتنی بذات خود دہشتگردی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نیوزی لینڈ کے واقعہ پر پوری امت مسلمہ سوگوار ہے ،اس بے گناہ خون سے اسلام دشمنوں کو ذلت و رسوائی اور عذاب جہنم کے سوا کچھ نہیں ملے گا ۔ اس خون کے صدقے غیر مسلم دنیا میں ان شاء اللہ اسلام کی روشنی پھیلے گی ۔ انہوں نے کہاکہ نیوز ی لینڈ گئی ٹیم کے نو مسلم بھائی کے اپنے شہید اورزخمی دینی بھائیوں کے غم میں گرنے والے آنسو ہمیں حوصلہ دیتے ہیں کہ ان شاء اللہ اسلام کا مستقبل روشن اور کفر، ظلم ، درندگی و دہشتگردی کا مقدر دنیا و آخرت کی ذلت و رسوائی ہے

مزید : میٹروپولیٹن 1